[]
نئی دہلی: دہلی کے محروس چیف منسٹر اروند کجریوال کی اہلیہ سنیتا کجریوال نے آج ان کا (اروند کجریوال) پیام پڑھ کر سنایا جس میں عام آدمی پارٹی کے ارکان ِ اسمبلی اور نمائندوں کو ہدایت دی گئی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں کا دورہ کریں اور دہلی کے عوام کے تمام مسائل حل کریں۔
سوشل میڈیا ہینڈل کے ذریعہ مختصر بیان میں سنیتا کجریوال نے شہر کے عوام کے لئے چیف منسٹر دہلی کی فکرمندی کا اظہار کیا اور عام آدمی پارٹی ارکان ِ اسمبلی کے لئے ان کا پیام پڑھ کر سنایا۔
سنیتا نے چیف منسٹر کا پیام پڑھ کر سناتے ہوئے کہا کہ کجریوال نے عام آدمی پارٹی کے تمام ارکان کے لئے پیام بھیجا ہے کہ میں جیل میں ہوں لیکن دہلی کے عوام کو میری غیرموجودگی میں کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہونا چاہئے۔ ہر رکن اسمبلی کو چاہئے کہ وہ اپنے علاقہ/ محلہ کا دورہ کریں اور دہلی کے عوام کے مسائل حل کریں۔
چیف منسٹر کجریوال نے پارٹی ارکان اسمبلی سے کہا کہ وہ صرف سرکاری شعبوں سے متعلق نہیں بلکہ زندگی کے ہر شعبہ سے متعلق دہلی کے عوام کے مسائل حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کے 2کروڑ لوگ میرا خاندان ہیں۔ انہیں کسی بھی وجہ سے غمگین یا مصیبت میں مبتلا نہیں ہونا چاہئے۔
سنیتا کجریوال کا یہ دوسرا ویڈیو پیام ہے جس میں انہوں نے دہلی کے چیف منسٹر کا پیام پڑھ کر سنایا۔ کجریوال نے خط کے آخر میں کہا کہ بھگوان سب کا بھلا کرے جئے ہند۔