[]
مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر “محمد باقر قالیباف” نے شام میں اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل خانے میں جنرل محمد رضا زاہدی اور سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے متعدد دیگر ارکان کی شہادت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: غاصب اسرائیلی حکام جان لیں کہ انہیں اس جارحانہ اور مکروہ اقدام پر کڑی سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر کے تعزیتی پیغام کا متن حسب ذیل ہے:
بسم الله الرحمن الرحیم
مِنَ الْمُؤْمِنِینَ رِجَالٌ صَدَقُوا مَا عَاهَدُوا اللَّهَ عَلَیْهِ فَمِنْهُم مَّن قَضَیٰ نَحْبَهُ وَمِنْهُم مَّن یَنتَظِرُ وَمَا بَدَّلُوا تَبْدِیلًا۔
عالمی یوم القدس کی مناسبت سے امت مسلمہ کی وحدت بخش تحریک اور خطے میں اسلامی مزاحمت کی ایستادگی کے نتیجے میں غاصب صیہونی حکومت کی بے بسی، بے چارگی اور حماقت آشکار ہوئی ہے۔
اس رجیم نے ایک بار پھر کھلی جارحیت کا ارتکاب کرتے ہوئے ایرانی قوم کے دلاور سپوتوں کو درندگی کا نشانہ بنایا۔
میرے عزیز دوست اور بھائی بریگیڈیئر جنرل محمد رضا زاہدی (ابو مہدی) جن سے چالیس سال سے زائد عرصے کی رفاقت تھی، اسی طرح بریگیڈیئر جنرل محمد ہادی رحیمی اور دیگر عظیم شہداء کہ جو حریم اہل بیت کا دفاع کرنے کی غرض سے بطور مشیر شام میں موجود تھے، گذشتہ کل دمشق میں اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل خانے کی عمارت پر صیہونی فوج کی بمباری میں شہید ہوئے۔
غاصب اسرائیلی رجیم کے سفاک حکام اور ان کے حامیوں کو جان لینا چاہیے کہ ان شیطانی حرکتوں سے مزاحمتی محور کی اپنے حقوق اور آزادی کے حصول کی جد وجہد کمزور نہیں پڑے گی بلکہ اس کے برعکس غاضب رجیم کو اس کے جارحانہ اور مکروہ اقدام کی کڑی سزا ملے گی۔
اس عظیم سانحے پر شہداء کے معزز خاندان خصوصاً شہید زاہدی کے غمزدہ خاندان کی خدمت میں تعزیت پیش کرتے ہیں اور ان بہادر مجاہدوں کے لیے خدائے بزرگ و برتر سے اولیاء اللہ کی ہم نشینی اور رضائے الٰہی کے طلب گار ہیں۔”