[]
حیدرآباد: بی آر ایس کے رکن اسمبلی کے پی ویویکا نندا نے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی جانب سے بی آر ایس قائد کے تارک رامار اؤ کے خلاف دئیے گئے بیان کی مذمت کی۔
انہوں نے ریونت ریڈی کو مشورہ دیا کہ وہ بی آر ایس قائدین کے خلاف غیر مہذب الفاظ استعمال نہ کریں۔ کے پی ویو یکا نندا نے آج تلنگانہ بھون میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس نے عوام سے 6ضمانتوں پر عمل آوری کا وعدہ کرکے اقتدار حاصل کیا تھا۔
جس میں کسانوں کو2لاکھ کا قرض معاف کرنے اور دیگر دعوے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس قائدین عوام سے کئے گئے وعدوں پر عمل آوری کے بجائے بی آر ایس قائدین پرروزانہ بیجا تنقید کررہے ہیں۔
انہوں نے ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکہ اور کانگریس کے قومی قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ ریونت ریڈی کو چیف منسٹر کے عہدہ کا خیال رکھنے کی نصیحت کریں۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی نے خود کو عدالت سمجھ کر کے ٹی آر کو جیل روانہ کرنے کا بیان دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو اچھی طرح یاد ہے کہ ووٹ برائے نوٹ اس کام میں کس طرح ریونت ریڈی کو جیل جانا پڑا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بی آ رایس قائدین کو عہدے اور رقم کی لالچ دے کر کانگریس میں شامل کیا جارہا ہے۔
ڈی ناگیندر کو پارلیمانی حلقہ سکندرآباد کا امیدوار بنانے اور رنجیت ریڈی کو پارلیمانی حلقہ چیوڑلہ سے کانگریس نے امیدوار بنایا ہے کیا کانگریس میں قائدین نہیں مل رہے ہیں؟جو بی آر ایس کے قائدین کو امیدوار بنارہے ہیں؟۔