[]
نئی دہلی: ہند۔ چین سرحدی امور پر مشاورت اور تال میل کے ورکنگ میکانزم کی 29 ویں میٹنگ بیجنگ میں منعقد ہوئی تاکہ حقیقی خط ِ قبضہ پر مابقی مسائل پر تبادلہ خیال اور انہیں حل کیا جاسکے۔
نئی دہلی کی طرف سے وزارت ِ خارجہ کے جوائنٹ سکریٹری (مشرقی ایشیا) نے وفد کی قیادت کی جبکہ چینی وزارت ِ خارجہ کے ڈائرکٹر جنرل برائے سرحدی و سمندری امور محکمہ نے وفد کی قیادت کی۔
چہارشنبہ کی میٹنگ میں دونوں ملکوں نے مکمل طورپر پیچھے ہٹنے اور مغربی سیکٹر میں ہند۔ چین سرحدی علاقوں میں حقیقی خط ِ قبضہ پر باقی مسائل کو حل کرنے کا عہد کیا۔
وزارت ِ خارجہ نے آج اپنے ایک بیان میں یہ بات بتائی۔ دونوں ملکوں نے سفارتی اور فوجی ذرائع سے باقاعدہ ربط برقرار رکھنے سے اتفاق کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ انہوں نے باہمی معاہدوں اور پروٹوکول کے مطابق سرحدی علاقوں میں امن و امان کی برقراری کی ضرورت سے بھی اتفاق کیا۔ دونوں ملکوں کے مابین اروناچل پردیش کی اراضی پر لفظی جنگ کے بعد یہ میٹنگ ہوئی ہے۔