شردپوار نے آر ایس ایس ورکرس کی ستائش کی!

ممبئی: این سی پی (ایس پی) سربراہ شردپوار نے آر ایس ایس کی ستائش کی کہ وہ اپنی آئیڈیالوجی کے لئے وقف ہے۔ انہوں نے اپنی پارٹی سے کہا کہ ایسے ورکرس تیار کئے جائیں جو شاہومہاراج‘ مہاتما پھولے‘ بی آر امبیڈکر اور یشونت راؤ چوان کی ترقی پسند سوچ کے پابندِ عہد ہوں۔

جمعرات کے دن جنوبی ممبئی میں ایک میٹنگ میں پارٹی ورکرس سے خطاب میں سابق مرکزی وزیر نے کہا کہ راشٹریہ سوئم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے پاس ایسا کیڈر ہے جس کی ہندوتوا تنظیم کی آئیڈیالوجی سے وفاداری اٹوٹ ہے۔ یہ کیڈر کسی بھی قیمت پر اپنے راستہ سے نہیں ہٹتا۔ ہمیں بھی ایسے کیڈر کی ضرورت ہے جو شاہومہاراج‘ مہاتما پھولے‘ بی آر امبیڈکر اور یشونت راؤ چوان کی آئیڈیالوجی سے اٹوٹ وابستگی رکھے۔

مہاراشٹرا میں نومبر کے اسمبلی الیکشن میں این سی پی(ایس پی) کی ہارپر انہوں نے کہا کہ ہم لوک سبھا الیکشن کی جیت کے بعد کاہل ہوگئے تھے جبکہ بی جے پی زیرقیادت مہایوتی نے پارلیمانی الیکشن میں اپنی ہار کا حساب برابر کرنے کے فوری اقدامات کئے۔

شردپوار کی پارٹی نے مہاراشٹرا میں اپریل۔ مئی میں منعقدہ لوک سبھا الیکشن میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ اس نے 10 نشستوں پر الیکشن لڑا تھا اور 8 نشستیں جیت لی تھیں تاہم نومبر کے اسمبلی الیکشن میں اس نے تقریباً 90 امیدوار میدان میں اتارے اور صرف 10 پر کامیابی حاصل کی۔

ہم دیگر پسماندہ طبقات(او بی سیز) کو جو بڑا ووٹ بینک ہے‘ یہ بتانے میں ناکام رہے کہ ہم نے ان کی فلاح و بہبود کے لئے کیا کام کیا۔ انہوں نے زوردے کر کہا کہ مہاراشٹرا میں سوشل انجینئرنگ اور ذات پات کی تفریق کے خاتمہ کی ضرورت ہے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *