[]
حیدرآباد: بی جے پی رکن اسمبلی ای راجندر نے کہا کہا کہ ان کی پارٹی، آر ٹی سی کو حکومت میں ضم کرنے کے خلاف نہیں ہے۔ آج اسمبلی میڈیا پائنٹ پر آر ٹی سی بل کو گورنر کی جانب سے منظوری نہ دئیے جانے کی وجہ سے ابھرے تنازعہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس بل کو راج بھون اُس وقت بھیجا گیا جب گورنر شہر میں موجود نہیں تھیں اور اب ان پر بل کو منظوری نہ دینے کا الزام لگایا جارہا ہے۔
انہوں حکومت سے جاننا چاہا کہ آر ٹی سی ملازمین کو کیوں دو پی آر سی سے محروم رکھا گیا؟ بی جے پی قائد نے کہا کہ وہ آر ٹی سی ملازمین کے مسائل سے بخوبی واقف ہیں ا ور ان کی پریشانیوں کو کبھی بھلا نہیں سکتے۔
راجندر نے حیرت ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کیوں زبردستی خاتون کنڈکٹرس کو دھرنا منظم کرنے کیلئے راج بھون بھیجا گیا۔ حکومت پر اسمبلی اجلاس کے انعقاد کو بھونڈا مذاق بنادینے کا الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اجلاس، حکومت کی انا کی تسکین کے لئے منعقد کیا جارہا ہے، عوام کو درپیش مسائل کا حل دریافت کرنا مقصد نہیں ہے۔
اپوزیشن کو نظر انداز کیا جارہا ہے۔ ہریش راؤ اور کے ٹی آر اپوزیشن کے خلاف جارحانہ موقف اختیار کئے ہوئے ہیں اور اسپیکر بھی نظر پھیر چکے ہیں۔