[]
بیجنگ: چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان نے مودی سرکار پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اروناچل پردیش سے ہمیشہ چین کا حصہ رہا ہے جس پر ہندوستان نے غیرقانونی قبضہ کر رکھا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان کا پریس بریفنگ میں کہنا تھا کہ ہندوستان نے 1987 میں ہمارے علاقہ زنگنان پر قبضہ کیا اور اسے نام نہاد اروناچل پردیش کا نام دیکر اپنی ریاست بنائی۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ لین جیان کا مزید کہنا تھا کہ زنگنان کا انتظام برسوں سے چین کے پاس رہا ہے۔ اس متنازع سرحدی تقسیم کو قبول کرنے کی باتیں بے بنیاد ہیں۔ ترجمان چینی وزارت خارجہ نے واضح کیا کہ سرحدی علاقہ میں ہندوستان کے غیر قانونی اقدامات اور کارروائیوں پر سخت احتجاج کرتے آئے ہیں۔
یاد رہے کہ اروناچل پردیش کی طرح لداخ کو بھی چین اپنا حصہ مانتا ہے اور مودی حکومت کے قانون کے تحت مقبوضہ کشمیر کو جموں کمشیر اور لداخ میں تقسیم کرکے وفاق کا حصہ بنانے پر بھی احتجاج کیا تھا۔
چین نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ لداخ کو بی جے پی حکومت نے وفاقی اکائی تسلیم کرکے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے کیوں کہ لداخ چین اور ہندوستان کے درمیان ایک متنازع علاقہ ہے۔
جس کے بعد سے چین اورہندوستان کے فوجیوں کے درمیان لداخ کی سرحد پر کئی بار جھڑپیں بھی ہوئی ہیں جن میں دونوں اطراف کے متعدد فوجی ہلاک اور زخمی ہوگئے تھے۔