ویڈیو: اُجین کے مہاکال مندر میں آگ، ڈاکٹروں کو یہ ڈھونڈنے میں مشکل پیش آرہی ہے کہ زخم کہاں ہیں

[]

اُجین: مدھیہ پردیش کے اُجین کے مہاکال مندر میں ”بھسم آرتی“ کے دوران آگ بھڑک اٹھنے سے 14 پجاری بشمول سیوک زخمی ہوگئے۔

صبح 5:50بجے کے آس پاس مندر کے گربھ گرہ (مورتی والا کمرہ) میں آگ بھڑک اٹھی۔ ضلع کلکٹر اُجین نیرج کمار سنگھ نے یہ بات بتائی۔

انہوں نے کہا کہ 14 پجاری جھلس گئے۔ بعض اُجین کے ضلع ہسپتال میں زیرعلاج ہیں جبکہ 8 نے اندور میں علاج کرانا چاہا۔ مجسٹرئیل انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے۔

ضلع پنچایت کے سی ای او مرینال مینا اور ایڈیشنل کلکٹر انوکول جین انکوائری کریں گے اور 3دن میں رپورٹ دیں گے۔ گلال‘ پوجا کی تھالی پر گرا تھا جس میں کپور جل رہا تھا۔ آگ فرش پر پھیل گئی۔

واقعہ مندر کے اندر لگے سی سی ٹی وی کیمرہ میں قید ہوا۔ پجاری آشیش نے میڈیا کو بتایا کہ ہولی پر گلال پھینکا گیا۔ گلال‘ جلتے کپور پر گرتے ہی آگ بھڑک اٹھی اور پجاری جھلس گئے جنہیں ضلع ہسپتال لے جایا گیا۔

واقعہ کے وقت کئی لوگ بشمول وی وی آئی پیز موجود تھے۔ چیف منسٹر موہن یادو نے ایکس پر لکھا کہ واقعہ بدبختانہ ہے۔ بھوپال میں میڈیا سے بات چیت میں چیف منسٹر نے کہا کہ گربھ گرہ کی چاندی کی بنی دیواروں کو ہولی کے رنگوں سے بچانے کپڑوں سے ڈھکا گیا تھا۔

یہ واضح نہیں کہ آیا آگ گلال پھینکنے کے دوران آرتی کی تھالی سے لگی یا گلال کا کوئی کیمیائی تعامل ہوا۔ اُجین سے بھوپال پہنچنے کے بعد انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو ایک لاکھ روپے فی کس امداد دی جائے گی اور ان کا بہترین دستیاب علاج مفت ہوگا۔

ریاستی نظم ونسق تمام تر کوششیں کرے گا کہ ایسے واقعہ کا اعادہ نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پہلی ترجیح زخمیوں کو بہترین علاج فراہم کرنا ہے۔ مہاکال کی کرپا سے کوئی بھی ہلاک نہیں ہوا۔ جلد پر ہولی کے رنگوں کی وجہ سے ڈاکٹروں کو یہ ڈھونڈنے میں مشکل پیش آرہی ہے کہ زخم کہاں ہیں۔

اسی دوران اندور کے سری اروبندو انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس کے صدر ڈاکٹر ونود بھنڈاری نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ ان کے دواخانہ میں 8 زخمی شریک ہیں۔ یہ لوگ 35 تا 40 فیصد جھلسے ہیں اور ان میں ایک کی حالت نازک ہے۔

ریاستی وزیر شہری ترقیات و امکنہ کیلاش وجئے ورگیہ‘ سری اروبندو ہاسپٹل پہنچے اور انہوں نے زخمیوں کا حال چال دریافت کیا۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے ایکس پر پوسٹ میں کہا کہ چیف منسٹر مدھیہ پردیش سے انہوں نے فون پر بات کی ہے اور مقامی انتظامیہ زخمیوں کو راحت فراہم کررہا ہے۔

وزیراعظم نریندر مودی نے واقعہ کو انتہائی تکلیف دہ قراردیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی تمنا کی۔



ہمیں فالو کریں


Google News

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *