[]
نئی دہلی: حیدرآباد کی کمپنی نویوگ انجینئرنگ کمپنی لمیٹیڈ (این ای سی) نے جو اترکھنڈ میں سلک یارا۔ بارکوٹ سرنگ تعمیر کررہی ہے اور جس کا ایک حصہ گزشتہ سال منہدم ہوگیا تھا، اُس نے 55 کروڑروپے مالیتی الکٹورل بانڈس خریدے تھے اور یہ ساری رقم بی جے پی کو عطیہ دے دی تھی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعداد وشمار میں یہ بات بتائی گئی۔ 12 نومبر 2023 کو زیر تعمیر سرنگ کا ایک حصہ منہدم ہوگیا تھا اور اس میں جملہ 41 ورکر پھنس گئے تھے۔
اِن ورکرس کو 29 نومبر کو بچایا گیا تھا۔ کابینی کمیٹی برائے معاشی امور کی جانب سے 2018 میں سلک یارا۔ بارکوٹ سرنگ پراجکٹ کو منظوری دی گئی تھی۔
اسے 2022 تک مکمل کیا جانا تھا لیکن اس کی ڈیڈ لائن میں توسیع کی گئی تھی۔ این ای سی نے 19 اپریل 2019 اور 10 اکتوبر 2022 کے درمیان ایک ایک کروڑ روپے کے 55 الکٹورل بانڈس خریدے تھے۔
نویگ انجینئرنگ، نویگ گروپ کی پرچم بردار کمپنی ہے کمپنی کی ویب سائٹ پر یہ بات بتائی گئی اور کہا گیا کہ اُس نے دریائے برہم پتر پر ملک کا سب سے طویل دریائی پُل ڈھولا۔ سادیا پُل تعمیر کیا ہے جس کی لمبائی جملہ 9.15 کیلو میٹر ہے۔
این ای سی نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اُسے حکومت آندھراپردیش نے پولاورم پراجکٹ تعمیر کرنے کی ذمہ داری دی تھی۔
این ای سی کی ویب سائٹ کے مطابق اس نے کئی مشہور پراجکٹس تیار کئے ہیں جن میں دریائے گنگا پر پُل اور قاضی گنڈ تا بنیہال ہائی وے پراجکٹ شامل ہیں تاکہ پیرپنجال پاس کے ذریعہ شمالی کشمیر تک ہر موسم میں رابطہ کو یقینی بنایا جاسکے۔