ہندوستان میں رام راجیہ قائم ہوگا: راج ناتھ سنگھ (ویڈیو)

[]

چھاترا(جھارکھنڈ): وزیردفاع راج ناتھ سنگھ نے آج زوردے کر کہاکہ وہ دن دور نہیں جب ہندوستان میں ”رام راجیہ“ قائم ہوگا اور ملک2027تک تیسری سرفہرست معیشت بن جائے گا۔

سی اے اے کے نفاذپربی جے پی کوفرقہ پرست ہونے کانام دینے والوں پر انہوں نے تنقیدبھی کی اورمطالبہ کیاکہ وہ جاننا چاہتے ہیں کہ کن حالات میں پاکستان میں ہندوؤں کی آبادی23 فیصد سے گھٹ کر تقریباً3 فیصد ہوگئی ہے۔

ریاستی دارالحکومت رانچی سے تقریباً160کیلومیٹر دورواقع مقام اٹکھوری میں ایک ریالی کو مخاطب کرتے ہوئے سنگھ نے کہاکہ ایودھیامندرمیں مورتی نصب ہوجانے سے ہندوستان میں رام راجیہ قائم ہوجائے گا اورکہاکہ رام للا اپنی جھونپڑی سے نکل کر محل کوپہنچ گئے ہیں۔

راج ناتھ سنگھ نے کہاکہ وزیراعظم نریندرمودی کے دورمیں ان کی جانب سے کئے گئے ترقیاتی کاموں کے سبب ہندوستان وشواگرو (عالمی قائد) بن جائے گا اور بھگوان چاہتے ہیں کہ وہ نہ صرف تیسری بار بلکہ چوتھی بار بھی وزیراعظم برقرار رہیں۔

سی اے اے کے بارے میں اظہارخیال کرتے ہوئے وزیردفاع نے کہاکہ ہندو، سکھ، عیسائی اورپارسیوں کے بشمول اقلیتوں کوافغانستان، بنگلہ دیش اورپاکستان جیسے ملکوں میں مذہبی دباؤ کا سامنا ہے اوروہ پناہ لینے ہندوستان آرہے ہیں۔ لہذا ہم نے فیصلہ کیاہے کہ انہیں شہریت دی جائے۔

اس فیصلہ کے لئے بی جے پی کوفرقہ پرست قراردیاجارہاہے۔ سابق چیف منسٹر جھارکھنڈ ہیمنت سورین پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہندوستان کی تاریخ میں یہ فقیدالمثال واقعہ تھاکہ ایک چیف منسٹر لاپتہ ہوگیاتھا لیکن اب وہ کرپشن کے لئے سلاخوں کے پیچھے ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیاکہ کرپشن کے لئے کوئی بھی بی جے پی حکومت پر انگشت نمائی نہیں کرسکتا۔





[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *