گھر کی تلاشی کے بعد کویتا گرفتار

[]

حیدرآباد/نئی دہلی: انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) نے حیدرآباد میں بی آر ایس ایم ایل سی کے کویتا کے مکان کی تلاشی لینے کے بعد انہیں گرفتار کرلیا۔

بی آر ایس قائد کویتا کی گرفتاری، دہلی شراب پالیسی اسکام کے تحت کی گئی ہے۔ چند گھنٹوں تک گھر کی تلاشی لینے کے بعد ای ڈی نے کویتا کو حراست میں لے لیا۔ بی آر ایس کے سربراہ و سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی دختر کویتا کو جمعہ کی شب فلائٹ کے ذریعہ دہلی لایا گیا۔ ذرائع نے یہ بات بتائی۔

اپنے محبوب قائد کی گرفتاری کی خبر عام ہوتے ہی ان کے مداحوں اور بی آر ایس کارکنوں کی ایک بڑی تعداد کویتا کے گھر کے قریب جمع ہوگئی اور پارٹی کارکنوں نے وزیر اعظم نریندر مودی اور ای ڈی کے خلاف نعرے لگائے گئے۔

بی آر ایس کے کارگزار صدر کے ٹی آر اپنی بہن کو یتا کے گھر پہونچے ان کے علاوہ ہریش راؤ بھی وہاں پہونچے مگر ان دونوں کو گھر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔ صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیر وی پرشانت ریڈی نے کویتا کی گرفتار کو غیر قانونی قرار دیا اور الزام عائد کیا کہ لوک سبھا الیکشن سے قبل مودی حکومت، بی آر ایس کیڈر میں خوف پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ کویتا کو گرفتارکرنے کے منصوبہ کے تحت ای ڈی کی ٹیم، ان کے گھرآئی تھی، ہمیں یہ بتایا گیا کہ ای ڈی کی ٹیمیں، گھر کی تلاشی کیلئے یہاں آئی ہیں مگر اب ہمیں یہ بتایا جارہا ہے کہ کویتا کو 8:45بجے کی فلائٹ سے دہلی لے جایا جائے گا۔

بی آر ایس قائد نے کہا کہ کویتا کو ایسے وقت گرفتار کیاگیا جبکہ ان کی عرضی سپریم کورٹ میں زیر دوران ہے اور سپریم کورٹ نے ای ڈی کو 19مارچ تک کویتا کے خلاف سخت کارروائی نہ کرنے کا حکم دیا ہے۔ پرشانت ریڈی نے کہا کہ ان کی پارٹی، سیاسی انتقام کے خلاف جدوجہد کرے گی۔ قبل ازیں نمائندہ منصف کے بموجب بی آر ایس سربراہ کے سی آر کی دخترو ایم ایل سی کویتا کے گھر پر آئی ٹی اور ای ڈی کی تلاشی مہم جاری ہے۔

دہلی سے 10 اہلکاروں کی ایک ٹیم تلاشی مہم میں شامل ہیں۔ اطلا عات کے مطابق اس تلاشی مہم کاکام آئی ٹی اور ای ڈی حکام ساتھ مل کر کر رہے ہیں۔ ان امور کی انجام دہی کے لئے جملہ چار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور معائنہ کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب کویتا کی رہائش گاہ پر پولیس کی بھاری جمعیت کو تعینات کیا گیا ہے۔ بی آر ایس کے کارکن اور مداح بڑی تعداد میں کویتا کے گھر پہنچ رہے ہیں۔ پارلیمانی انتخابات سے پہلے اس تلاشی مہم سے بی آر ایس حلقوں میں بے چینی شروع ہوگئی ہے۔ واضح رہے کہ کویتا دہلی شراب کیس کی ملزمہ ہے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *