[]
ریاض ۔ کے این واصف
سعودی عرب میں حرمین ایکسپریس ہر سال کی طرح اس سال بھی رمضان المبارک میں مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور جدہ کے لیے یومیہ ٹرینیں چلانے کا خصوصی پروگرام تیار کیا ہے۔سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی ریلوے کمپنی “سار” نے کہا کہ اس سال رمضان سیزن میں حرمین ٹرین کے مکہ ، مدینہ اور جدہ کے درمیان 2748 ٹرپس ہوں گی جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 9 فیصد زیادہ ہیں۔
حرمین انتظامیہ کا کہنا ہے کہ رمضان سیزن میں ٹرین کی نشستوں میں بھی اضافہ ہوا ہے گزشتہ سال 1.053 ملین مسافروں نے اس سے فائدہ اٹھایا جبکہ اس سال 1.330 ملین ان نشستوں پر سفر کرسکیں گے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 26 فیصد زیادہ ہے۔سار کا کہنا ہے حرمین ٹرین کے مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور جدہ کے درمیان پانچ اسٹیشن ہیں جہاں سے مسافروں کی آمد ورفت ہوتی ہے ان اسٹیشنوں میں مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ، کنگ عبداللہ اکنامک سٹی اور جدہ شامل ہیں۔
سعودی ریلوے کمپنی (سار) ہر سال اپنے مسافروں کو بہتر خدمات فراہم کرنے کے لیے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتی ہے۔ اس کی کوشش ہوتی ہے کہ حرمین ٹرین کے مسافروں کا سفر آسانی سے مکمل ہو۔سار نے رمضان آپریشنل پلان کے حوالے سے حرمین شریفین میں نماز کے اوقات کے مطابق اپنا نظام الاوقات ترتیب دیا ہے۔