[]
ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں قائم فلکیاتی علوم کے ادارہ کے سربراہ شرف السفیانی کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ مملکت میں فلکی حساب سے یکم رمضان المبارک پیر 11 مارچ کو ہوگا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارہ کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ 10 مارچ 29 شعبان کو سعودی عرب کے وقت کے مطابق دوپہر 12 بجے رمضان کے چاند کی پیدائش ہوگی۔
شرف السفیانی کا مزید کہنا تھا کہ رمضان کے چاند کی گواہی سعودی سپریم کورٹ میں اندراج کرانے سے ہی ہوگی۔ دوسری جانب اسرائیل نے فیصلہ کیا ہے کہ پچھلے سالوں کی طرح اس سال بھی رمضان المبارک کے آغاز میں مسلمانوں کو مسجدِ اقصیٰ میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ پچھلے سالوں کی طرح اس مرتبہ بھی رمضان کے پہلے ہفتے کے دوران زیادہ سے زیادہ مسلمان نمازیوں کو مسجدِ اقصیٰ جانے دیا جائے گا۔
غیر ملکی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ہر ہفتے سیکیورٹی اور حفاظت کے حوالے سے صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور اسی کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔واضح رہے کہ ہر سال رمضان المبارک میں مسلمانوں کی بڑی تعداد مسجدِ اقصیٰ میں عبادت کے لیے پہنچتی ہے۔