[]
حیدرآباد: شہری حقوق کے تحفظ کی تنظیم ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سیول رائٹس نے فلم Razakar رضاکار (حیدرآباد کی خاموش نسل کشی) کی دنیا بھر میں ریلیز کو روکنے کے لئے تلنگانہ ہائی کورٹ میں مفاد عامہ کی درخواست داخل کی ہے۔
درخواست داخل کرتے ہوئے فلم کے خلاف فوری قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔PIL دائر کرنے کا فیصلہ فلم کے ممکنہ طور پر اشتعال انگیز مواد اورفرقہ وارانہ نفرت کو بڑھاوادینے کے خدشات کو دیکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
فلم کی ریلیز سے دوفرقوں کے درمیان فرقہ وارانہ نفرت اورانتشار کے بھڑکنے کے امکانات ہیں۔ ایسے میں اے پی سی آر کے نیشنل سکریٹری ندیم خان نے تنظیم کی نیشنل ایگزیکٹیو کمیٹی کے متفقہ فیصلے کے بعد فوری طورپر عدالت سے رجوع ہونے کا فیصلہ کیا۔
یہ فیصلہ شہری آزادی کے تحفظ اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے تنظیم کے عزم کو اجاگرکرتا ہے۔ عدالت نے پہلی سماعت کے لئے 11مارچ کی تاریخ مقررکی ہے۔
اے پی سی آر تلنگانہ چیاپٹر کی نائب صدر ایڈوکیٹ افسر جہاں ہائی کورٹ میں مفاد عامہ کی عرضی کی نمائندگی کریں گی۔