بی جے پی میں شامل جسٹس ابھیجیت گنگو پادھیائے کو ممتا بنرجی کا زبردست چیلنج

[]

کولکتہ: وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے جج کے عہدہ سے استعفیٰ دینے کے بعد بی جے پی میں شامل ہونے والے جسٹس ابھیجیت گنگوپادھیائے پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ جہاں کہیں سے بھی امیدوار ہوں گے ہزاروں ملازمت کے امیدوار ان کا پیچھا کریں گے۔

خواتین کے عالمی دن کے سلسلہ میں جمعرات کو ایک مارچ کے اختتام پر ممتا بنرجی نے واضح انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’تیار رہو آپ جہاں بھی کھڑے ہوں گے میں طلبا کو لے کر جاؤں گی۔ وہ آپ کے خلاف بات کریں گے! آپ نے ہزاروں طلباء کی نوکریاں چھین لی ہیں۔‘‘

خیال رہے کہ ترنمول کانگریس نے الزام عائد کیا ہے کہ جسٹس ابھیجیت گنگو پادھیائے جج کے عہدہ پر رہتے ہوئے بی جے پی کے رابطے میں تھے۔ ریاست کی حکمراں جماعت نے یہ سوال بھی اٹھایا ہے کہ کیا ان کی طرف سے دیئے گئے مختلف فیصلوں کے پیچھےسیاسی عزائم تھے؟ ابھیشیک بنرجی ان الزامات کو لے کر سپریم کورٹ میں مقدمہ دائر کر رہے ہیں۔

ممتا بنرجی نے کہا کہ اچھا ہوا کہ ان کا نقاب اتر گیا ہے۔ میں نے بہت کچھ دیکھا۔ میں نے انٹرویو دیکھا۔ میں نے ایک کے بعد ایک ان کے فیصلے دیکھے ہیں۔ مگر اب حقیقت کھل چکی ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل ممتا بنرجی نے کبھی بھی جسٹس ابھیجیت کا نام نہیں لیا۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی نظام پر تنقید نہیں کی جا سکتی لیکن فیصلے پر تنقید کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے بھرتی کے معاملے میں مفاد عامہ کی عرضی کا حوالہ دیتے ہوئے بی جے پی سمیت اپوزیشن جماعتوں پر حملہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ میرے پاس ابھی بھی 50 لاکھ نوکریاں تیار ہیں! لیکن سی پی ایم-بی جے پی-کانگریس بیٹھی ہوئی ہیں۔ وہ نوکریوں کو روکنے کیلئے عدالت سے رجوع کرکے پی آئی ایل دائر کرتے ہیں۔

ممتا بنرجی نے ابھیجیت کو یہ یاد دلاتے ہوئے کہا کہ وہ بھی ایک وکیل ہیں۔ انہوں نے سابق جج کا نام لیے بغیر کہا کہ کیا لوگوں کو ان کو دیکھ کر انصاف ملے گا؟ جج کی کرسی پر بیٹھ کر روز مفاد عامہ کی گولی کھارہے تھے۔ رابندر ناتھ ٹیگور نے لکھا تھا کہ فیصلے کے الفاظ خاموشی سے روتے ہیں۔

بی جے پی ذرائع کے مطابق ابھیجیت گنگوپادھیائے کو مشرقی مدنی پور کی تملوک لوک سبھا سیٹ سے امیدوار بنایا جا سکتا ہے۔ شوبھندو ادھیکاری کے بھائی دیوبندوادھیکاری نے گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں ترنمول کانگریس کے ٹکٹ پر یہ سیٹ جیتی تھی۔

بی جے پی نے ابھیجیت کو اپوزیشن لیڈر شوبھندو ادھیکاری کے بھائی کی سیٹ سے کھڑا کرنے کا ابتدائی منصوبہ بنایا ہے۔ تاہم آخری لمحات میں تبدیلیاں ہو سکتی ہیں۔ اگرچہ دیوبندو ادھیکاری ابھی بھی ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ہیں، لیکن پارٹی کے ساتھ ان کی دوری بہت زیادہ ہے۔ ایسے میں سیاسی حلقے کی نظر اس پر بھی رہے گی کہ ترنمول ابھیجیت کے خلاف امیدوار کے طور پر کس کو میدان میں اتارے گی۔

تاہم، ممتا نے جمعرات کو وضاحت کی کہ پارٹی امیدوار جو بھی ہو، سابق جج کی اصل لڑائی ان کے ساتھ ہوگی۔

تاپس رائے کے بی جے پی میں شامل ہونے پر ممتا نے تبصرہ کیا کہ غداروں نے ای ڈی کے خوف سے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی ہے۔ سوال یہ ہے کہ کیا حال ہی میں بی جے پی میں شامل ہونے والے تاپس رائے ان کے نشانہ پر ہیں؟ بعد میں ممتا نے پھر کہا، یہ غداروں کے لیے اچھا نہیں ہوگا۔

وزیراعظم نے چہارشنبہ کو ایسٹ ویسٹ میٹرو منصوبے کا افتتاح کیا۔ ممتا نے جمعرات کو مودی کا نام لئے بغیر کہا کہ جن پروجیکٹوں کا افتتاح کیا گیا ہے وہ میرے ہیں اور میں نے وزیر ریلوے کی حیثیت سے ان منصوبوں کی شروعات کی تھی۔

ممتا بنرجی نے سندیش کھالی پر بی جے پی کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ بنگال میں اب تک 454مرکزی ٹیمیں آچکی ہیں لیکن منی پور میں جب خواتین کو برہنہ کرکے ان کی پریڈ کرائی جارہی تھی تو کتنی ٹیموں نے دورہ کیا تھا؟

آپ بنگال سے کیوں ناراض ہیں اور بنگال کو کیوں بدنام کررہے ہیں۔ ٹرینوں کی منسوخی کے بارے میں وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ آج آپ اقتدار میں ہیں اس لیے ٹرینیں منسوخ کر رہے ہیں لیکن جب بجلی جاتی ہے تو ٹرین نالے میں چلی جاتی ہے۔ پھر ٹرین آپ کا درد بن جائے گی۔

ممتا نے کہا کہ بی جے پی لیڈروں کے ذریعہ کتنی جگہوں پر ماؤں بہنوں کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے۔ وہ خوف سے کچھ نہیں کہہ سکتیں لیکن بنگالی لڑکیوں کی بات کی جارہی ہے۔ ممتا نے کہا ہر کوئی مجھے کہتا ہےکہ ساری ٹیمیں بنگال کیوں آرہی ہیں۔

ممتا نے مودی سے کہا بنگال پر اتنا غصہ کیوں؟ منی پور میں جب عورتوں کو برہنہ کرکے گھمایا جارہا تھا تو آپ کہاں تھے؟ جب ہاتھررس میں خاتون کو زیادتی کے بعد جلایا گیا تو وہ کہاں تھے؟ ممتا نے کہا کہ بنگال خواتین کے لیے سب سے زیادہ محفوظ ہے۔ کولکتہ محفوظ ترین شہروں میں سے ایک ہے، بین الاقوامی سطح پر پہچانا جاتا ہے۔



ہمیں فالو کریں


Google News

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *