راہول گاندھی‘ امیٹھی سے لوک سبھا الیکشن لڑیں گے

[]

امیٹھی / نئی دہلی: اترپردیش کے ایک کانگریس قائد نے چہارشنبہ کے دن کہا کہ پارٹی قائد راہول گاندھی‘ امیٹھی سے لوک سبھا الیکشن لڑیں گے۔ 2002 سے وہ اس حلقہ کی کئی بار نمائندگی کرچکے ہیں۔

 کانگریس کے ضلع صدر پردیپ سنگھل نے جو دہلی میں میٹنگ کے بعد لوٹے‘ کہا کہ راہول گاندھی‘ امیٹھی سے پارٹی امیدوار ہوں گے اور ان کے نام کا عنقریب اعلان کردیا جائے گا تاہم پارٹی کی مرکزی قیادت نے اس تعلق سے کچھ بھی نہیں کہا ہے۔

 پارٹی کی سنٹرل الیکشن کمیٹی کی میٹنگ ہونی باقی ہے۔ کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے 2002  تا 2019لوک سبھا میں امیٹھی کی نمائندگی کی تھی۔ 2019 میں انہیں بی جے پی کی اسمرتی ایرانی نے ہرایا تھا۔وہ اب کیرالا کے حلقہ وائناڈ سے رکن پارلیمنٹ ہیں۔

اسی دوران کانگریس کی اعلیٰ قیادت آنے والے لوک سبھا انتخابات کے لئے پارٹی امیدواروں کو قطعیت دینے جمعرات کے دن قومی دارالحکومت میں مل بیٹھے گی۔ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے ایکس پر پوسٹ میں کہا کہ لوک سبھا الیکشن کے لئے امیدواروں کا فیصلہ کرنے والی کانگریس سنٹرل الیکشن کمیٹی کی پہلی میٹنگ 7 مارچ کی شام 6 بجے ہوگی۔

اعلیٰ قائدین بشمول پارٹی صدر ملیکارجن کھرگے اور سابق صدور سونیا گاندھی و راہول گاندھی میٹنگ میں موجود ہوں گے۔ ان کے علاوہ دیگر سینئر قائدین کی بھی شرکت ہوگی۔ کانگریس نے تاحال ایک بھی امیدوار کا اعلان نہیں کیا ہے جبکہ بی جے پی نے گزشتہ ہفتہ 195  امیدواروں پر مشتمل اپنی پہلی فہرست جاری کردی۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *