[]
حیدرآباد: پڑوسی ریاست کرناٹک کے شہر بنگلورو کے رامیشورم کیفے میں مشتبہ بم دھماکہ جس میں 9 افراد زخمی ہوگئے کے بعدشہر حیدرآباد میں پولیس کوالرٹ کردیاگیا ہے۔
جمعہ کے روز شہر کے مختلف عوامی مقامات اور حساس مراکز پر پولیس نے چوکسی اختیارکرلی ہے۔ بنگلورو کے واقعہ کے بعد شہر میں انٹلیجنس اور اسپیشل برانچ ٹیم کوالرٹ کردیاگیا۔
اسپیشل ٹیم کے بشمول ٹاسک فورس اور اسپیشل آپریشن ٹیم نے شہر کے مختلف ہوٹلوں‘لاجوں‘ریلویزاوربس اسٹیشنو ں میں تلاشی مہم شروع کی ہے۔
رات بھر پولیس نے مختلف مقامات پر گاڑیوں کی تلاشیا ں لی ہیں اور مشتبہ افراد پر نظررکھی ہے۔ آنے والے تہواروں کے ضمن میں مرکزی سیکوریٹی ایجنسیوں کی ہدایت پر پولیس کو الرٹ کردیا گیا ہے۔
ہم پہلے سے ہی شہر میں چوکسی اختیار کئے ہوئے ہیں کیونکہ آنے والے دنوں میں تہواروں کا سلسلہ شروع ہوگا۔ بنگلورو کے ایک ہوٹل میں دھماکہ کے بعد ہم شہر میں پولیس کوانتہائی چوکسی کی ہدایت دے چکے ہیں۔
سٹی پولیس کمشنر کے سرینواس ریڈی نے اپنے ایک بیان میں آج یہ بات بتائی۔ شمس آبادایرپورٹ پرسیکوریٹی بڑھادی گئی۔ مرکزکے نیم فوجی دستے ایرپورٹ آنے والے افراد‘سامان کی اچھی طرح تلاشی لے رہے ہیں۔