[]
تل ابیب: اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے حماس کی شرائط ماننے سے صاف انکار کردیا ہے۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم پر اندرونی اور بیرونی دباؤ ہے کہ اپنے مقاصد حاصل کیے بنا ہی جنگ ختم کریں اور کسی بھی قیمت پر یرغمالیوں کی رہائی کا معاہدہ کرلیں لیکن ہم یرغمالیوں کی رہائی کیلئے حماس کے شرائط قبول نہیں کرسکتے۔
اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا کہ حماس کے شرائط مان کر یرغمالیوں کو واپس لانے کا مطلب ہوگا کہ اسرائیلی ریاست نے حماس کے سامنے ہار تسلیم کرلی۔
اسرائیلی وزیر بیزلیل سیموٹریک نے اسرائیلی ریڈیو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم نے واضح کردیا ہے کہ ہم اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے لئے کسی قسم کی قیمت ادا نہیں کرسکتے۔
اسرائیلی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ نیتن یاہو کیلئے بھی یرغمالیوں کی رہائی بہت اہم ہے لیکن اس کیلئے کوئی قیمت ادا نہیں کی جائے گی بلکہ غزہ پر فوجی دباؤ بڑھاتے ہوئے حماس کو شکست دیکر تمام یرغمالیوں کو بازیاب کرائیں گے۔
دوسری جانب برطانوی شہزادہ ولیم کا کہنا ہے کہ 7 اکتوبر کے بعد سے مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کی خوفناک انسانی قیمت پر شدید فکرمند ہوں، اس تنازع میں بہت زیادہ جانی نقصان ہوا ہے۔
برطانوی شہزادے ولیم کا کہنا تھا کہ میں بھی سب کی طرح اس جنگ کا جلد از جلد خاتمہ چاہتا ہوں، غزہ میں اس وقت انسانی امداد کی شدید ضرورت ہے، یہ انتہائی اہم ہے کہ غزہ میں امداد پہنچے اور یرغمالیوں کو بھی رہائی ملے۔