سرفراز خان روزانہ 500 گیندیں کھیلتے تھے:کوچ

[]

ممبئی: حال ہی میں انگلینڈ کے خلاف ڈیبیو کرنے والے سرفراز خان اپنی بیٹنگ صلاحیتوں کو بہتر بنانے کیلئے روزانہ 500 گیندیں کھیلتے تھے۔ سرفراز نے اپنے والد نوشاد خان اور دیگر کوچز کے ساتھ کورونا کے دنوں میں لاک ڈاؤن کے دوران کافی پریکٹس کررے تھے۔

 سرفراز کے کوچز میں سے ایک نے انکشاف کیاکہ 26 سالہ کھلاڑی روزانہ سینکڑوں ڈلیوریز کھیلتے تھے جبکہ مختلف حالات میں کھیلنے کیلئے انہوں نے کافی جدوجہد بھی کی۔ سرفراز کے کوچ نے کہاکہ بیٹر نے ممبئی کے اوول اور آزاد گراؤنڈ میں بہت پریکٹس کی۔

 وہاں انہوں نے آف اسپنر، لیگ اسپنر اور لیفٹ آرم اسپنرز کی جانب سے روزانہ 500 ڈلیوریز کھیلی ہیں۔ کوچ نے بتایاکہ لاک ڈاؤن کے دوران سرفراز نے 1600 کیلو میٹر پر محیط کار کا سفر کیا۔ مختلف وکٹوں پر کھیلنے کیلئے انہوں نے ممبئی سے امروہہ، مراد آباد، میرٹھ، کانپور، متھرا اور دہرادون تک کا سفر کیا۔

 کپل پانڈے نے بتایاکہ لاک ڈاؤن کے دوران سرفراز نے ہماری کانپور اکیڈمی میں کلدیپ یادو کو بہت کھیلا۔ انہوں نے ایک ساتھ بہت سے نیٹ سیشنز کیے۔

واضح رہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں بار بار خود کو ثابت کرنے کے باوجود ہندوستانی سلیکٹرز سرفراز خان سے متاثر نہیں ہوئے اور نہ ہی انہیں ٹیم کے ٹسٹ اسکواڈ میں منتخب کرنے پر غور کیا۔

تاہم انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹسٹ میں ویراٹ کوہلی اور کے ایل راہول کے دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے سرفراز کو بلایا گیا اور انہوں نے ٹسٹ کی دونوں اننگز میں نصف سنچریوں کے ساتھ اپنی اہلیت ثابت کردی۔

 ممبئی میں پیدا ہونے والے سرفراز خان نے اپنی پہلی اننگز میں 62 رنز بنائے جبکہ دوسری اننگز میں 68 رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ ٹیم انڈیا نے راجکوٹ میں انگلینڈ کو 434 رنز سے شکست دی تھی۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *