[]
مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ کے حوالے سے خبر دی ہے کہ اقوام متحدہ کے بچوں سے متعلق ادارے یونیسیف کے ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی کے شمالی علاقوں میں ہفتوں سے امداد نہیں پہنچی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ غزہ کی پٹی میں نوے فیصد بچے غذائی قلت کا شکار ہیں لہذا بچوں کا قتل عام روکنے کے لیے انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم غزہ کی پٹی میں تمام گزرگاہوں کو کھولنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ اگر زمینی حالات نہ بدلے تو ہم مزید بدترین واقعات کا مشاہدہ کریں گے۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کے ڈائریکٹر نے رفح میں ایک خوف ناک انسانی المیے سے خبردار کرتے ہوئے کہا : رفح آبادی کے لحاظ سے دنیا کے گنجان ترین مقامات میں سے ایک بن گیا ہے جہاں غزہ کی آدھی آبادی پناہ گزینی اختیار کرنے پر مجبور ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس وقت رفح میں 13 لاکھ افراد ایسے ہیں جن کی مدد کی ضرورت ہے۔ جب کہ فلسطینیوں کے پاس پناہ لینے کے لیے رفح کے علاوہ کوئی محفوظ جگہ نہیں ہے۔