[]
کراچی: بنگلہ دیشی دارالحکومت ڈھاکا سے سعودی شہر ریاض کے لیے روانہ ہونے والی سعودی ایئر لائنز کی پرواز نے کراچی میں ہنگامی لینڈنگ کی۔’ڈان نیوز‘ کے مطابق ہنگامی لینڈنگ کے دوران طیارے میں موجود مسافر کی طبعیت بگڑ گئی جسے کراچی ایئرپورٹ پر طبی امداد فراہم کی گئی۔
سعودی ایئر کی پرواز ایس وی 805 رات 3 بج کر 57 منٹ پرڈھاکہ سے ریاض کے لیے روانہ ہوئی، طیارہ ابھی بھارتی فضائی حدود میں تھا کہ طیارے میں سوار مسافر کی طبیعت خراب ہوگئی جس پر پائلٹ نے طیارے کا رخ ممبئی کی جانب موڑ دیا، تاہم ایئر ٹریفک کنٹرولر کی ہدایت پر طیارے کا رخ کراچی کی طرف کر دیا گیا۔
کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر پرواز نے صبح ساڑھے 7 بجے لینڈ کیا، کراچی ایئر پورٹ پر سول ایوی ایشن کی میڈیکل ٹیم نے ہنگامی اقدامات کیے۔
طیارے کے لینڈ کرتے ہی ڈاکٹرز فوری طور پر پہنچ گئے جنہوں نے طیارے میں سوار مسافر کا معائنہ کیا اور اسے طبی امداد فراہم کی جس کے بعد پرواز کراچی سے ریاض روانہ ہوگئی۔