رمضان میں دکانات کو رات دیرگئے تک کھلی رکھنے اور مساجد کے قریب صفائی پرخصوصی توجہ دینے کی ہدایت

[]

حیدرآباد: ریاستی وزیرٹرانسپورٹ وبی سی ویلفیر پونم پربھاکرنے جوحیدرآبادکے انچارج وزیر بھی ہیں‘ جی ایچ ایم سی‘محکمہ برقی‘واٹرورکس اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ماہ رمضان کے آغاز سے قبل تمام ترانتظامات مکمل کرلیں۔

انہوں نے بالخصوص پینے کے پانی‘برقی کی بلاوقفہ سربراہی‘ مساجد کے قریب صاف صفائی پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت دی۔اجلاس میں مشیر حکومت محمدعلی شبیر‘ سابق وزیر داخلہ محمدمحمودعلی‘ مجلس فلور لیڈر اکبر الدین اویسی‘چیرمین وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی‘ارکان اسمبلی احمد بلعلہ‘کوثر محی الدین‘ محمدماجدحسین‘ میر ذوالفقار علی‘ محمد مبین‘ اراکین کونسل مرزا رحمت بیگ‘

مرزا ریاض الحسن آفندی‘ رکن اسمبلی کالیرووینکٹیش‘ میئر حیدرآباد بی وجئے لکشمی‘ڈپٹی مئیر سری لتا شوبھن ریڈی‘پرنسپل سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود سیدعمرجلیل‘ کمشنرجی ایچ ایم سی رونالڈروز‘ کلکٹر حیدرآباد انودیپ درشیٹی‘ سی ای او وقف بورڈخواجہ معین الدین ودیگر عہدیداروں نے اور عوامی نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں مختلف عوامی نمائندوں نے ماہ رمضان کے آغاز سے قبل پینے کے پانی اور برقی کی بلا وقفہ سربراہی‘مساجد کے قریب صفائی‘ مساجد کے موذنین واماموں کی تنخواہوں کی ادائیگی اور رمضان میں رات دیرگئے تک دکانوں کو کھلی رکھنے کی اجازت دینے ودیگر انتظامات کو رمضان سے قبل مکمل کرلینے کی تجاویز پیش کی۔

پونم پربھاکر نے عوامی نمائندوں کو ماہ صیام سے قبل ان تجاویز کے مطابق تمام انتظامات مکمل کرنے کا یقین دلایا اور ساتھ ہی عہدیداروں کوہدایت دی کہ وہ ماہ رمضان اور دیگر تہواروں کے موقع پر تمام انتظامات کومکمل کرنے میں کوئی کثرباقی نہ رکھیں۔

انہوں نے کہاکہ کانگریس کے برسراقتدار آنے کے بعد یہ پہلا ماہ رمضان ہے اور اس ماہ مقدس کو پرامن اورخوشگوارماحول میں کامیابی کے ساتھ منانے کیلئے وسیع ترانتظامات کرنے کی عہدیداروں کوہدایت دی۔انہوں نے 24گھنٹہ دکانات کھلی رکھنے‘فٹ پاتھ پر چھوٹے کاروبار کرنے والوں کوہراساں نہ کرنے کی پولیس عہدیداروں کو ہدایت دی۔

انہوں نے محکمہ برقی کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ جن علاقوں میں زائدبرقی لوڈہو وہاں زائد برقی ٹرانسفارمرنصب کئے جائیں تاکہ برقی منقطع ہونے کی صورت میں متبادل انتظام کیا جاسکے۔ انہوں نے تاریخی مکہ مسجد اورشاہی مسجد کی تزئین وآہک پاشی ودیگر انتظامات قبل ازوقت مکمل کرنے کی ہدایت دی۔

انہوں نے پولیس عہدیداروں کوہدایت دی کہ وہ امن وامان کی برقراری کے لئے چوکس رہیں۔ واٹر ورکس عہدیداروں کوہدایت دی گئی کہ وہ جن علاقوں اورمساجد میں نلوں سے پانی کی سربراہی کا انتظام نہیں ہے‘ ان مقامات پر ٹینکرس کے ذریعہ پانی سربراہ کیاجائے۔

انہوں نے حیدرآباد‘سائبرآباد‘رچہ کنڈاکے پولیس عہدیداروں کے علاوہ محکمہ لیبر کے عہدیداروں کوہدایت دی کہ وہ ماہ رمضان میں فٹ پاتھ پرکاروبار کرنے والوں کو ہراساں نہ کریں۔



ہمیں فالو کریں


Google News

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *