[]
حیدرآباد: چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے پیرکے روز عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ موسیٰ ریورفرنٹ ترقیاتی پراجیکٹ کو بعجلت ممکنہ شروع کرنے کی مشق کو مکمل کریں۔
چیف منسٹر نے نانک رام گوڑہ میں واقع ایچ ایم ڈی اے کے دفتر میں آج موسیٰ ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ پراجیکٹ کے بارے میں ایک جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ عہدیداروں نے چیف منسٹر کو دریائے موسیٰ کے حدود کے مقامات اور دیگر اہم تفصیلات سے واقف کرایا۔
دوران اجلاس عہدیداروں سے کہا گیا کہ وہ کاموں کے آغاز سے قبل رود موسیٰ کی مکمل صفائی کو یقینی بنائیں۔ ریونت ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ایسا ترقیاتی منصوبہ تیار کریں جس میں شہر میں دریا کے ساتھ موجود تاریخی ڈھانچوں کو آپس میں مربوط کرنے کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے مشورہ دیا کہ پراجیکٹ کے کاموں کو سرعت کے ساتھ انجام دینے کیلئے کاموں کو عہدیداروں میں تقسیم کریں۔ ریاستی حکومت نے موسیٰ ریورفرنٹ کے ترقیاتی کاموں کو بڑے پیمانہ پر شروع کرنے کا عہد کیا ہے۔ اس پراجیکٹ میں ٹرانسپورٹ نٹ ورک کے اجزاء ہوں گے جو شہر کے مشرقی اور مغربی حصوں کو آپس میں مربوط کریں گے۔
ندی میں صاف بہتا ہوا پانی اور دریا کے دونوں طرف خوبصورتی کو یقینی بنانا بھی پراجکٹ کا حصہ ہے۔ عہدیداروں نے کہاکہ مجوزہ پراجیکٹ پورے شہر میں پیپلز پلازا‘ پیدل راہ روزون‘ ہاکرس علاقے اور گرین اسپیس کی تخلیق کی جائے گی۔ مزید برآں یہ منصوبہ شہر کے پرانے اور ورثے سے مالا مال حصوں کا احیاء کرے گا۔ اس حصہ کے طور پر حکومت اس پراجیکٹ پرکام کرنے کیلئے بین الاقوامی ماڈلس کا مطالعہ کررہی ہے۔