کجریوال کے خلاف ای ڈی کارروائی کی منظوری

نئی دہلی: مرکز نے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) کو منی لانڈرنگ کیس میں عام آدمی پارٹی کنوینر اور سابق چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کے خلاف کارروائی کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

ذرائع نے یہ بات بتائی۔ اس نے پارٹی کے سینئر قائد اور سابق ڈپٹی چیف منسٹر منیش سسوڈیہ کے خلاف بھی کارروائی کو منظوری دے دی۔ مرکزی وزارت ِ داخلہ نے ای ڈی کو پی ایم ایل اے کے تحت 2021-22 کے شراب اسکام کیس میں کجریوال کے خلاف کارروائی کو ہری جھنڈی دکھادی۔

آبکاری پالیسی کو اُس وقت کی کجریوال حکومت نے بعد میں رد کردیا تھا۔ سپریم کورٹ نے نومبر 2024 میں رولنگ دی تھی کہ سی بی آئی کی طرح ای ڈی کو بھی کارروائی کی پیشگی اجازت لینی ہوگی۔ دہلی میں خصوصی پی ایم ایل اے عدالت نے کجریوال کے خلاف وضع الزامات کو روک رکھا ہے کیونکہ وہ تحت کی عدالت میں چارج شیٹ کا نوٹ لئے جانے کے خلاف دہلی ہائی کورٹ سے رجوع ہوئے۔

لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ گزشتہ ماہ ایجنسی کو کجریوال کے خلاف کارروائی کی اجازت دی تھی۔ ای ڈی کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد کجریوال ضمانت پر رہا ہیں۔ ان کا نام چارج شیٹ میں آیا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ عام آدمی پارٹی کی گوا الیکشن مہم کے لئے انہوں نے شراب کے بعض کاروباریوں سے رشوت لی تھی۔

منیش سسوڈیہ پالیسی وضع ہونے کے وقت وزیر آبکاری تھے۔ کجریوال اور عام آدمی پارٹی پر الزام ہے کہ انہوں نے ’ساؤتھ گروپ‘ سے رشوت لی۔ اس گروپ کا قومی دارالحکومت میں شراب کی فروخت و تقسیم پر کنٹرول بتایا جاتا ہے۔ کجریوال اور سسوڈیہ دونوں اِن دنوں ضمانت پر رہا ہیں۔ دونوں قائدین دہلی اسمبلی الیکشن (5 فروری) کے لئے مہم چلانے میں مصروف ہیں۔





[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *