[]
صنعا: یمن کے حوثیوں نے کہا ہے کہ ہم نے بحیرہ احمر میں امریکہ کے بحری جہاز “اسٹار ایریس” کو میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے۔
حوثیوں کے فوجی ترجمان یحییٰ سیری نے سوشل میڈیا ایکس سے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ “فلسطینی عوام پر جاری مظالم اور یمن پر امریکی اور برطانوی حملوں کے جواب میں یمن مسلح فورسز (حوثیوں) سے منسلک بحریہ نے بحیرہ احمر میں امریکی بحری جہاز اسٹار ایریس کو کثیر تعداد میزائلوں کے ساتھ نشانہ بنایا ہے۔ اللہ کی مدد سے یہ میزائل ٹھیک ہدف پر لگے ہیں”۔
سیری نے کہا ہے کہ ” ہم، یمن پر امریکی اور برطانوی حملوں کا جواب دینے میں بالکل بھی ترّدد نہیں کریں گے۔ بحیرہ احمر سے گزرنے والے امریکی اور برطانوی بحری جہاز ہمارا جائز ہدف ہیں”۔
ترجمان یحییٰ سیری نے کہا ہے کہ “بحیرہ احمر اور بحیرہ عمان میں اسرائیلی بحری جہازوں یا اسرائیل سے منسلک بحری جہازوں کو مقبوضہ فلسطین میں اسرائیلی بندرگاہوں تک پہنچنے سے روکنا حوثیوں کا دینی، اخلاقی اور انسانی فریضہ ہے۔ جب تک غزّہ کی پٹّی پر اسرائیلی حملے بند نہیں ہو جاتے اور علاقے سے محاصرہ اُٹھ نہیں جاتا اس وقت تک یہ حکمت عملی جاری رہے گی”۔