[]
کانگریس کے سینئر لیڈر چدمبرم نے کہا کہ بی جے پی کی قیادت والی مودی حکومت کی ہر اسکیم کو جزوی طور پر سچ اور زیادہ تر جھوٹ کے طور پر بے نقاب کیا جا سکتا ہے، تکبر اور مبالغہ آرائی اس کی پہچان ہے
نئی دہلی: کانگریس کے سینئر لیڈر پی چدمبرم نے گزشتہ 7 سالوں میں 74 ہوائی اڈے بنانے کے مودی حکومت کے دعوے کی پول کھولتے ہوئے کہا ہے کہ گھمنڈ، تکبر اور مبالغہ آرائی موجودہ حکمران بی جے پی حکومت کی خصوصیات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 74 ہوائی اڈے تعمیر کرنے کا دعویٰ درست نہیں ہے اور حکومت عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہی ہے۔
چدمبرم نے ایک ٹوئٹ میں لکھا ’’حکومت کے دعوے کہ انہوں نے 7 سالوں میں 74 ہوائی اڈے بنائے ہیں، کھوکھلے اور جھوٹے ہیں۔ مئی 2014 سے اب تک صرف 11 نئے ہوائی اڈے بنائے گئے ہیں، جو آپریشنل ہیں۔ 74 ہوائی اڈوں میں 9 ہیلی کاپٹر اسٹیشن اور دو واٹر ڈروم شامل ہیں جبکہ واٹر ڈروم ان کے افتتاح کے فوراً بعد بند ہو گئے۔‘‘
سابق مرکزی وزیر نے مزید کہا کہ ان 74 ہوائی اڈوں میں سے 15 اب استعمال میں نہیں ہیں کیونکہ وہاں سے کوئی پروازیں نہیں ہیں۔ بی جے پی-این ڈی اے حکومت نے ملک بھر میں 479 نئے ‘روٹس’ کا آغاز کیا ہے لیکن ان میں سے 225 اب کام نہیں کر رہے ہیں۔
کانگریس کے سینئر لیڈر چدمبرم نے کہا کہ بی جے پی کی قیادت والی مودی حکومت کی ہر اسکیم کو جزوی طور پر سچ اور زیادہ تر جھوٹ کے طور پر بے نقاب کیا جا سکتا ہے۔ گھمنڈ اور مبالغہ آرائی موجودہ بی جے پی حکومت کی پہچان ہے۔