ملک میں کسی کی بھی شہریت کو کوئی خطرہ نہیں: امیت شاہ (ویڈیو)

[]

نئی دہلی: مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے ہفتہ کے دن کہا کہ شہریت ترمیمی قانون(سی اے اے) لاگو کرنے کے قواعد وضوابط لوک سبھا الیکشن سے قبل جاری ہوجائیں گے اور استفادہ کنندگان کو ہندوستانی شہریت دینے کا عمل اس کے فوری بعد شروع ہوجائے گا۔

سی اے اے کے تحت مودی حکومت‘ بنگلہ دیش‘ پاکستان اور افغانستان سے مذہبی عتاب جھیل کر 31 دسمبر 2014 تک ہندوستان میں داخل ہونے والے غیرمسلم مائیگرنٹس ہندو‘ سکھ‘ جین‘ بدھ‘ پارسی اور عیسائیوں کو ہندوستانی شہریت دینا چاہتی ہے۔

امیت شاہ نے ای ٹی ناؤ گلوبل بزنس سمٹ2024 میں کہا کہ سی اے اے ملک کا قانون ہے اور اس کا اعلامیہ یقیناً جاری ہوگا۔ یہ الیکشن سے پہلے جاری ہوجائے گا اور الیکشن کے بعد سی اے اے پر عمل آوری ہوگی۔ کسی کو بھی اس تعلق سے کوئی الجھن نہیں ہونی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ پڑوسی ممالک میں عتاب جھیلنی والی مذہبی اقلیتوں کو ہندوستانی شہریت دینا کانگریس قیادت کا بھی وعدہ تھا۔ امیت شاہ نے کہا کہ بٹوارہ کے وقت ہندو‘ بدھسٹ‘ عیسائی سبھی ہندوستان آنا چاہتے تھے۔ کانگریس قائدین نے انہیں شہریت دینے کا وعدہ کیا تھا۔

اس نے کہا تھا کہ آپ سبھی کا خیرمقدم ہے لیکن بعدازاں کانگریس قائدین اپنی بات سے مکرگئے۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ وہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ سی اے اے کسی کی شہریت چھیننے کا قانون نہیں ہے۔ ہمارے مسلمان بھائیوں کو سی اے اے مسئلہ پر اُکسایا جارہا ہے۔

سی اے اے کسی کی شہریت نہیں چھینتا کیونکہ اس قانون میں ایسی کوئی دفعہ نہیں ہے۔ سی اے اے ان لوگوں کو شہریت دینے کے لئے بنا ہے جو مذہبی عتاب جھیلنے کے بعد بنگلہ دیش اور پاکستان سے یہاں چلے آئے۔

کسی کو بھی اس قانون کی مخالفت نہیں کرنی چاہئے۔ دسمبر 2019 میں پارلیمنٹ میں سی اے اے کی منظوری کے بعد ملک کے بعض حصوں میں بڑے پیمانہ پر احتجاج ہوا تھا جس کے دوران 100 سے زائد جانیں گئی تھیں۔





[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *