[]
تل ابیب: امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے اسرائیلی حکام کو جنوبی غزہ کی پٹی کے شہر رفح پر حملے کے خلاف خبردار کرنے کے باوجود اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو نے اسرائیلی قوتوں کو اس شہر میں آپریشن کے لیے تیار رہنے کا حکم دیا ہے۔
امریکہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر رفح میں فوجی کارروائی کی گئی تو وہاں پر بڑے پیمانے پر شہریوں کی اموات ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے ایک پریس کانفرنس میں مزید کہا کہ غزہ میں جنگ سالوں تک نہیں بلکہ مہینوں میں ختم ہو جائے گی ،غزہ میں ہماری جنگ کے اعلان کردہ اہداف تبدیل نہیں ہوئے غزہ میں قید اسرائیلیوں کی رہائی کے لیے فوجی دباؤ ضروری ہے۔
اسرائیلی وزیر اعظم نے نے مزید کہا کہ اسرائیلی افواج خان یونس میں لڑ رہی ہیں جو حماس کا اہم گڑھ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غزہ میں حماس کے خلاف فیصلہ کن فتح کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے،میں نے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کو بتایا کہ ہم غزہ میں فتح حاصل کرنے کے قریب ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ میں نے امریکی وزیر سے کہا کہ حماس کو ختم کرنے کے بعد غزہ کو اسلحہ سے پاک علاقہ بنایا جائے گا۔ خیال رہے کہ رفح کے علاقے میں جنوبی اور شمالی غزہ سے بے گھر ہونے والے ڈیڑھ ملین سے زائد لوگ موجود ہیں۔