
نلگنڈہ، 15 جون / تلنگانہ کے نلگنڈہ ضلع کے چنڈور پولیس اسٹیشن کی حدود میں جعلی کرنسی تیار کرکے بازاروں میں پھیلانے والے ایک منظم گروہ کا انکشاف ہوا ہے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے شوہر اور بیوی کو گرفتار کر لیا، جو مبینہ طور پر 500 روپے کے جعلی نوٹ تیار کرکے مختلف دکانوں اور عوامی مقامات پر چلاتے تھے۔
گرفتار شدگان کی شناخت راجیو عرف راجو (38) اور اس کی اہلیہ پوانی (26) کے طور پر کی گئی ہے۔ پولیس تحقیقات کے مطابق مالی تنگی کے شکار ملزمین نے یوٹیوب ویڈیوز کے ذریعے جعلی کرنسی تیار کرنے کے طریقے سیکھے اور آن لائن منگوائے گئے پرنٹر، اسکینر اور دیگر سامان کی مدد سے جعلی نوٹ چھاپنے کا سلسلہ شروع کیا۔
پولیس نے ملزمین کے قبضے سے 500 روپے مالیت کے 15 جعلی نوٹ، بغیر نمبر پلیٹ کی پلسر موٹر سائیکل، ایچ پی پرنٹر و اسکینر، بانڈ پیپر، قینچی، قلم اور جعلی نوٹوں کی تیاری میں استعمال ہونے والا دیگر سامان ضبط کر لیا ہے۔
دورانِ تفتیش یہ بات بھی سامنے آئی کہ مرکزی ملزم راجیو ایک عادی مجرم ہے اور اس کے خلاف قتل، اقدامِ قتل اور جعلی کرنسی سے متعلق تلنگانہ و آندھرا پردیش میں مجموعی طور پر سات مقدمات پہلے سے درج ہیں۔

