[]
نئی دہلی: انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) نے پیر کے روز سپریم کورٹ کو بتایا کہ بی آر ایس ایم ایل سی کے کویتا‘ دہلی شراب اسکام کیس میں مخالف لانڈرنگ ایجنسی کی جانب سے جاری کردہ سمن سے اجتناب کررہی ہیں۔
وہ‘ایجنسی کے سامنے حاضر نہیں ہورہی ہیں۔ ایڈیشنل سالسیٹر جنرل ایس وی راجو‘ ای ڈی کی طرف سے سپریم کورٹ میں پیش ہوتے ہوئے جسٹس بیلہ ایم اور جسٹس ترویدی پر مشتمل بنچ کو یہ بات بتائی۔
کویتا کی طرف سے پیش ہوتے ہوئے سینئر وکیل کپل سبل نے کہاکہ ایڈیشنل سالسیٹر جنرل نے قبل ازیں عدالت عظمی کو اس بات کی یقین دہانی کرائی تھی کہ ہم‘ سمن کو چالینج کردہ درخواست گزار عرضی کی 20نومبر 2023 تک سماعت تک کویتا کو ای ڈی کے سامنے حاضر ہونے کی نوٹس نہیں دیں گے جس کا جواب دیتے ہوئے ایڈیشنل سالسیٹر جنرل نے کہاکہ میں نے یہ کہاتھا کہ آئندہ تاریخ سماعت تک۔
میرا یہ بیان ہمہ وقت تحفظ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرانے سے متعلق نہیں تھا۔ سپریم کورٹ نے اس معاملہ کی سماعت جمعہ تک ملتوی کردی ہے ۔
ای ڈی نے تلنگانہ کے سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی دختر کے کویتا کو تازہ سمن جاری کرتے ہوئے انہیں دہلی میں 16 جنوری کو دفتر ای ڈی میں پیش ہونے کی ہدایت دی تھی تاہم کویتا‘ای ڈی کے سامنے پیش نہیں ہوئی تھیں۔
گزشتہ سال ستمبر میں سپریم کورٹ نے کویتا کو عبوری راحت دیتے ہوئے ای ڈی سے کہاتھا وہ‘ دہلی شراب اسکام کیس کی تحقیقات میں سماعت کی آئندہ تاریخ تک بی آر ایس ایم ایل سی کو حاضر ہونے کے لیے اصرار نہ کرے۔