[]
لکھنو: اترپردیش اے ٹی ایس(انسداددہشت گردی دستہ) نے ماسکو میں ہندوستانی سفارتخانہ میں کام کرنے والے ایک ہندوستانی شہری کو پاکستان کی انٹرسرویس انٹلیجنس (آئی ایس آئی) کے لئے کام کرنے کے الزام میں گرفتارکرلیا۔
سرکاری بیان میں لکھنو میں اتوار کے دن یہ بات بتائی گئی۔ موضع شاہ محی الدین پور کے رہنے والے ستیندرسیوال کو لکھنو کے اے ٹی ایس پولیس اسٹیشن میں گرفتارکیاگیا۔
سیوال‘وزارتِ خارجہ میں کام کرتا ہے اور فی الحال ماسکو کے ہندوستانی سفارتخانہ میں تعینات ہے۔ وہ وزارتِ دفاع‘ وزارتِ خارجہ اور ہندوستانی فوجی تنصیبات کی اہم خفیہ جانکاری آئی ایس آئی کو دے رہا تھا۔
اے ٹی ایس نے الکٹرانک اینڈ فزیکل سرویلانس کے ذریعہ پایاکہ انڈین ایمبسی ماسکو میں آئی بی ایس اے(انڈیابیسڈ سیکیوریٹی اسسٹنٹ) کی حیثیت سے 2021 سے کام کرنے وا لا ستیندرسیوال‘ آئی ایس آئی ہینڈلرس کے ساتھ ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہے۔ اسے اے ٹی ایس میرٹھ فیلڈیونٹ بلا کر پوچھ تاچھ کی گئی۔
وہ سوالات کے تشفی بخش جواب نہیں دے سکا اور اس نے اقبال جرم کرلیا۔ اے ٹی ایس پولیس اسٹیشن میں اس کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 121A (ملک کے خلاف جنگ چھیڑنا) اور سرکاری رازقانون 1923 کے تحت ایف آئی آردرج ہوئی۔
اسی دوران وزارتِ خارجہ نے کہا کہ اسے سیوال کی گرفتاری کا علم ہے اور وہ اس کیس میں تحقیقاتی عہدیداروں کے ساتھ مل کرکام کررہی ہے۔