جگن حکومت‘ بی جے پی کے ہاتھوں کٹھ پتلی:وائی ایس شرمیلا

[]

وشاکھاپٹنم: آندھراپردیش کانگریس کی صدر وائی ایس شرمیلانے آج یہاں الزام عائد کیاہے کہ وائی ایس جگن موہن ریڈی کی زیرقیادت حکومت بی جے پی کے ہاتھوں میں ایک کٹھ پتلی بن گئی ہے۔ آندھراپردیش کانگریس کمیٹی (اے پی سی سی) صدر کے عہدہ کا جائزہ لینے کے بعد شرمیلانے وائی ایس آر کانگریس پارٹی (وائی ایس آر سی پی) حکومت کوپھرشدید تنقید کانشانہ بنانا شروع کردیا ہے۔

مذکورہ حکومت ان کے بھائی کی زیرقیادت کام کررہی ہے۔ وائی ایس شرمیلانے کہاکہ آندھراپردیش کی حکومت ان کے والد وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے نظریات اوراصولوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے کام نہیں کررہی ہے بلکہ وہ بی جے پی کے ہاتھوں کٹھ پتلی بن گئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ان کے والد وائی ایس راج شیکھر ریڈی بی جے پی کے شدید مخالف رہے ہیں‘ لیکن یہ بدبختی ہے کہ آندھراپردیش میں سیاسی جماعتیں بی جے پی کے آلہ کار بن گئی ہیں اور ریاستی حکومت ان کے والدکے نظریات اوراصولوں کونظرانداز کرتی جارہی ہے۔

شرمیلا نے ان تاثرات اور احساسات کا اظہاراچاپورم ضلع سریکاکولم میں ایک اجلاس کومخاطب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں انہوں نے اس مقام کا دورہ کیاتھا جہاں پر وائی ایس آر نے اپنی پدیاترا پرجاپرستھانم 2003میں مکمل کی تھی۔

 شرمیلا نے آروگیہ شری اور برقی کی مفت سربراہی جیسی اسکیمات کی یادتازہ کی جوکہ پدیاتراکے بعد روبہ عمل لائی جاتی رہیں۔ انہوں نے کہاکہ ان کے والد وائی ایس راج شیکھر ریڈی کو عوام کی تکالیف اور مشکلات کا احساس تھا۔

 شرمیلا نے ادعا کیاکہ وہ آندھراپردیش کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے سرگرم ہوگئی ہیں۔ وائی ایس آر نے جہاں تاریخی پدیاترا کا اختتام عمل میں لایاوہاں سے انہوں نے اس فلاحی مقصد کا آغازکردیاہے۔آندھرا پردیش کانگریس کمیٹی کی صدر نے کہاکہ وائی ایس آر اورکانگریس ایک دوسرے کی اعانت کیا کرتے تھے۔

 بعض افراد کا کہنا ہے کہ کانگریس نے وائی ایس آر کی اہانت کی ہے جس میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ پارٹی ہائی کمان اب بھی وائی ایس راج شیکھر ریڈی کا احترام کرتی ہے۔ یہ بات سونیاگاندھی نے شخصی طورپرانہیں بتائی۔ شرمیلانے جگن موہن ریڈی حکومت کوتنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہاکہ وہ ریاست کیلئے خصوصی زمرہ حاصل کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ اب ہم کانگریس کو مزید مستحکم کرنے کیلئے اقدامات کریں گے اورخصوصی موقف کی فراہمی کویقینی بنایاجائے گا۔کانگریس ہی ایک ایسی پارٹی ہے جوکہ عوام کی فلاح و بہبود کی خواہاں ہے۔شرمیلا نے پلاساسے اچاپورم کیلئے اے پی ایس آرٹی سی بس سے سفر کیااوربعض خاتون مسافرین سے ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کی جس کے بعد انہوں نے کہاکہ ہم مسائل کی یکسوئی کریں گے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *