[]
حیدرآباد: ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرامارکہ نے ٹی ایس ریڈکو کے ذمہ داروں کو ریاست بھر میں تمام شہروں اور ٹاونس میں الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشن قائم کرنے کی ہدایت دی۔
آج سکریٹریٹ میں تلنگانہ ریڈکو کے ذریعہ روبہ عمل کاموں کے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل سے چلنے والی گاڑیوں سے فضائی آلودگی میں اضافہ ہورہا ہے۔
اس آلودگی پر قابو پانے کیلئے مارکٹ میں الیکٹرک گاڑیوں کی بڑی تعداد میں فروخت ہورہی ہے۔ ان الیکٹرک گاڑیوں کی چارجنگ کے لئے اسٹیشن قائم کرنا وقت کی ضرورت ہے۔
ملو بھٹی وکرامارکہ نے کہا کہ مستقبل میں برقی سربراہی میں رکاوٹ نہ ہونے کیلئے شمسی توانائی کے استعمال پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔
ہم ممکنہ حد تک شمسی توانائی سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔ عہدیداروں کو ریاست کے تمام آبی ذخائر کے پاس سولار انرجی پلانٹس قائم کرنے تجاویز تیار کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شمسی توانائی ونڈ انجرجی، ہائیڈروجن انرجی، اور پمسیڈاسٹوریج کے ساتھ ساتھ سرکاری عمارتوں پرسولار انرجی کے روف ٹاپس کی تنصیب کیلئے واضح پالیسی تدوین کرنے کی ہدایت دی۔
اجلاس کے دوران انہوں نے کچرے کے استعمال سے بائیو گیاس انرجی کی پیداوار میں ہوئی پیش رفت کے متعلق معلومات حاصل کرتے ہوئے کہا کہ کھمم، ورنگل اور نظام آباد میونسپل کارپوریشن میں بائیو گیاس پلانٹس کی تعمیر کے متعلق امور پر جلد از جلد مفصل رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت دی۔
بھٹی وکرامارکہ نے گھریلو صارفین میں روف ٹاپ سولار سسٹم کی تنصیب کیلئے شعور بیدار کرنے مہم شروع کرنے کا مشورہ دیا۔ اس اجلاس میں منیجنگ ڈائرکٹر ریڈکو جانیا، جنرل منیجر پرساد، پروجیکٹ ڈائرکٹر رام کرشنا، سرینواس، امریندر و دیگر موجود تھے۔