[]
حیدر آباد: اسپورتھی استھل جو کہ سابق مرکزی وزیر ایس جئے پال ریڈی کے اعزاز میں تعمیر کی گئی ہے، آج اُن کی 82 ویں یوم پیدائش کے موقع پر اُن کی یاد میں معنون کردی گئی۔
یہ یادگار جو کہ حسین ساگر جھیل کے کنارے نکلس روڈ پر سابق وزیر اعظم نرسمہا راؤ کی یادگار کے بازو تعمیر کی گئی ہے۔ آج یوم پیدائش کے موقع پر ریاستی وزراء کے علاوہ کانگریس کے سینئر قائدین نے جئے پال ریڈی کو خراج عقیدت پیش کیا جن کا 2019ء میں 77 سال کی عمر میں دیہانت ہوگیا۔
کانگریس کی نئی حکومت نے جئے پال کی یوم پیدائش اور برسی کو شاندار طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت کی جانب سے اِس سلسلہ میں 12 / جنوری کو احکامات جاری کئے گئے ہیں۔
چیف منسٹر ریونت ریڈی جو کہ عالمی معاشی فورم کے اجلاس میں ڈاؤس گئے ہوئے ہیں، سابق مرکزی وزیر جئے پال ریڈی کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ گاندھی ازم کا ایک نشان ہے اور تلنگانہ کے لئے باعث فخر ہیں۔
وزراء ٹی ناگیشور راؤ، جوپلی کرشنا راؤ اور کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے جئے پال ریڈی کو اُن کی یادگار پر خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ سابق مرکزی وزیر جئے پال ریڈی اپنے اُصولوں اور نظریات کے پابند رہے۔
ناگیشور راؤ نے کہا کہ بلالحاظ پارٹی وابستگی سابق مرکزی وزیر کا احترام کیا جاتا تھا اور کہا کہ وہ اپنے اعلیٰ اقدار اور عوامی خدمات کے لئے یاد رکھے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تلنگانہ کی عوام کو جئے پال ریڈی پر فخر ہے جو کہ ایک بہترین پارلیمنٹرین رہے ہیں۔ جئے پال ریڈی میموریل فاؤنڈیشن نے اسپورتھی استھل تعمیر کیا ہے۔ کانگریس کی نئی حکومت نے جئے پال ریڈی کی برسی اور یوم پیدائش کو شاندار پیمانے پر منانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ اُنہیں بھرپور خراج عقیدت پیش کیا جاسکے۔