[]
حیدرآباد: قاری ظہیرالدین سکریٹری شرفیہ قرأت اکیڈیمی کے بموجب اکیڈیمی کی جانب سے پہلے ریاستی مسابقہ حفظ قرآن کریم کا انعقاد بتاریخ 3 رجب المرجب 1445 ھ مطابق 15 جنوری 2024 بمقام آفیسرس میس شادی خانہ اکبر باغ عمل میں آیا۔
اس مسابقہ میں شہر حیدرآباد و تلنگانہ کے علاوہ آندھراپردیش اور رائلسیما کے حفاظ کرام نے بھی حصہ لیا۔ مسابقہ میں انعام اول حافظ سید برہان الدین ولد سید ذکی الدین نے حاصل کیا جن کو سیدنا ابوبکر صدیقؓ گولڈ میڈل 10 ہزار روپے نقد اور ایک خوبصورت سند عطا کی گئی۔
انعام دوم حافظ محمد یوسف بن منور حسین نے حاصل کیا جن کو سیدنا عمر فاروقؓ سلور میڈل 7 ہزار روپے نقد اور ایک خوبصورت سند دی گئی۔ انعام سوم حافظ محمد عبدالعظیم بن محمد عبدالغنی نے حاصل کیا جن کو سیدنا عثمان غنیؓ برانز میڈل 5 ہزار روپے نقد اور ایک خوبصورت سند دی گئی۔
علاوہ ازیں حافظ سید صلاح الدین، حافظ محمد عبدالرقیب، حافظ محمد معاذ خان، حافظ محمد شاذ علی، حافظ محمد اویس کو خصوصی ترغیبی انعامات فی کس ایک ہزار روپے نقد اور سند دی گئی جبکہ بقیہ تمام حفاظ کرام کو ان کی کوشش و کاوش کے لئے فی کس 600 روپے نقد اور شرکت کی سند عطا کی گئی۔
اس مسابقہ کا مقصد ہی یہی رہا کہ کم عمر حافظ قرآن بچوں کو ہمالیائی بلندی عطا کی جائے تاکہ وہ صرف شہر و ریاست تک ہی محدود نہ رہیں بلکہ ملک و بیرون ممالک کے عالمی مسابقوں میں بھی اپنا مقام پیدا کرتے ہوئے ملک کا نام روشن کریں۔
مسابقہ کا آغاز کمسن قاری محمد زکریا شرف الدین کی قرأت کلام پاک سے ہوا جبکہ مدرسہ فیض العلوم کے طالب علم نے نعت پیش کی۔ ججس کے فرائض حافظ و قاری محمد شوکت اللہ غوری، حافظ و قاری محمد بابا محی الدین اور حافظ الہند جناب حافظ و قاری محمد شعیب شرف الدین نے انجام دیئے۔
مسابقہ کی سرپرستی حافظ و قاری ڈاکٹر محمد نصیرالدین منشاوی نے کی۔ قاری محمد ظہیرالدین نے نگرانی کی۔ مسابقہ کے اختتام پر جلسہ قرأت کا انعقاد عمل میں آیا اور حافظ و قاری محمد شوکت اللہ غوری کی دعا پر مسابقہ اختتام کو پہنچا۔