[]
عمان: اردن کے والی عہد شہزادہ الحسین بن عبد اللّٰہ الثانی اور اہلیہ شہزادی رجوہ خالد السیف شادی کے بعد اپنے پہلے سرکاری شاہی دورے پر سنگاپور گئے۔ شہزادہ حسین اور شہزادی رجوہ نے گزشتہ برس جون میں شادی کے بندھن میں بندھنے کے بعد ایک ساتھ کچھ وقت نجی دورے پر امریکی ریاست واشنگٹن اور ایڈاہو میں گزارا ۔
یہ نوبیاہتا جوڑا رواں سال 11 جنوری کو اپنے پہلے دو روزہ سرکاری شاہی دورے پر سنگاپور گیا جہاں انہوں نے اردن اور سنگاپور ٹیک الائنس فورم کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی جس کی وجہ سے یہ جوڑا ایک بار پھر توجہ کا مرکز بنا۔
اس تقریب میں شرکت کے لیے شہزادی رجوہ نے مشہور برطانوی برانڈ کیرن مِلن کی پھولوں والی میکسی کا انتخاب کیا جبکہ شہزادہ حسین کالے اور سفید رنگ کا کوٹ سوٹ پہنے نظر آئے۔
سنگاپور کی وزارت خارجہ کے مطابق شہزادہ حسین اور شہزادی رجوہ نے یہ دورہ سنگاپور کے وزیر اعظم لی ہیسین لونگ کی دعوت پر کیا اور اس دورے کے دوران اُنہوں نے سنگاپور کے کئی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کیں۔
ولی عہد شہزادہ الحسین کو وزیر اعظم لی ہیسین لونگ کی طرف سے ایک سرکاری ظہرانہ بھی دیا گیا۔ شہزادہ حسین اور شہزادی رجوہ کے ساتھ اردن کے نائب وزیر اعظم ایمن صفادی، ڈیجیٹل اکانومی اور انٹرپرینیورشپ کے وزیر احمد الحنندی اور منصوبہ بندی اور بین الاقوامی تعاون کی وزیر زینا توکان بھی سنگاپور گئے تھے۔