[]
حیدرآباد: کل ہند سنی علماء بورڈ کی مجلس عاملہ کا اہم مشاورتی اجلاس دفتر سنی علماء بورڈ حیدرآباد میں مولانا سید شاہ حامد حسین شطاری صدر کل ہند سنی علماء بورڈ کی صدارت میں منعقد ہوا‘ جس میں کئی امور پر غورو خوض کیا گیا‘
کل ہند سنی علماء بورڈ کی تبلیغی سرگرمیوں کو وسعت دینا‘ شرعی عدالت کا قیام اور دارالافتاء کے ذریعہ مفت فتاویٰ کے اجراء سے مسلمانوں کی رہنمائی‘ دونوں شہروں کے علاوہ اضلاع میں دینی سرگرمیوں کو پروان چڑھانے کے سلسلہ میں مختلف تجاویز پیش کی گئی۔
کل ہند سنی علماء بورڈ کے ریاستی اور ذیلی کمیٹیوں کی تشکیل دینے کا بھی اعلان کیا گیا۔ مولانا سید شاہ نجم الدین قادری الجیلانی ثاقب پاشاہ کو سنی علماء بورڈ کا سربراہ اعلیٰ /چیرمین منتخب کیا گیا۔
مولانا موصوف نے کل ہند سنی علماء بورڈ کے سربراہ اعلیٰ /چیرمین کے عہدہ کو قبول کیا اور کہا کہ یہ تنظیم میرے والد ماجد حضرت سید شاہ بدر الدین قادری الجیلانی ؒ کی قائم کردہ ہے‘
حضرت قبلہ کئی برسوں تک سرپرست اعلیٰ رہے‘ پھر صدر کی حیثیت سے تاحیات خدمت انجام دیتے رہے‘ میں انشاء اللہ اس تنظیم کو قومی سطح سے عالمی سطح پر وسعت دینے کا عزم رکھتا ہوں اور تمام عہدہ داروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ مجھے اس قابل سمجھ کر انتخاب فرمایا۔