[]
حیدرآباد: سال 1996 پھر لوٹ آیا، 28 سال بعد تاریخ خود کو دہرا رہی ہے، آپ 1996 کا کیلنڈر رواں سال بھی استعمال کرسکتے ہیں کیونکہ انیس سو چھیانوے کی طرح 2024 بھی لیپ ایئر ہے۔
جی ہاں !! رواں سال کا آغاز بھی 1996 کی طرح پیر سے ہوا، مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر 1996 اور 2024 کے کیلنڈرز کا موازنہ کیا جا رہا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے” اے ایف پی ” نے رواں سال یعنی 2024 کے بارے میں اہم انکشاف کیا ہے۔ خبر رساں ادارے نے اپنی ایک رپورٹ میں یہ دلچسپ انکشاف کیا ہے کہ 2024میں ری سائیکلنگ کی ایک بنیادی شکل نظر آرہی ہے کیونکہ 1996 کا سالانہ کیلنڈرز رواں سال یعنی 2024 میں استعمال ہو رہا ہے ، کیونکہ دونوں لیپ سال ہیں جو پیر سے شروع ہوتے ہیں۔
1996اور 2024 کی مماثلت کے حوالے سے کئی اہم نکات سامنے آئیں ہیں جس کو بنیاد بنا کر کہا جا رہا ہے کہ 1996 کا کیلینڈر رواں سال 2024 میں استعمال کیاجا سکتا ہے۔ نمبر تھیوری میں پی ایچ ڈی یافتہ ریاضی کے ریٹائرڈ پروفیسر کے وی نارائنا کا کہنا ہے کہ 2024 کا کیلنڈر وہی ہوگا جو 1996 کے سال کا تھا۔
سائنسی تحقیق کے مطابق ہر لیپ ایئر خود کو 28 سال بعد دہراتا ہے لیکن 1996 اور 2024 میں ایک اور دلچسپ اور حیران کن مماثلت یہ ہے کہ 1996 کی طرح رواں سال بھی 5 نومبر کو ہی امریکی صدارتی انتخابات کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔
اگر کھیلوں کی بات کی جائے تو 1996 کی طرح رواں سال بھی اولمپکس گیمز کا انعقاد کیا جائے گا اگرچہ رواں سال کی تاریخیں ماضی سے مختلف ہیں۔
اب ایسے میں اگر کسی کے پاس 28 برس پرانا ونٹیئج کیلنڈر موجود ہے تو وہ پھر پرانی یادوں کو تازہ کرسکتا ہے اس کے علاوہ اگر کسی کو خواہش ہے کہ وہ اپنا پیدائشی سال انجوائے کر سکے تو 1996 میں پیدا ہونے والے 2024 میں ایسا کرسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ ایک لیپ سال عام 365 کے بجائے 366 دنوں کے ساتھ ہوتا ہے۔ لیپ سال اس لیے ہوتے ہیں کیونکہ ایک سال کی اصل لمبائی 365.25 دن ہوتی ہے۔ لیپ سال چار سال میں ایک بار آتے ہیں، اور وہ سال جو یکساں طور پر چار سے تقسیم ہوتے ہیں (مثال کے طور پر 2024) میں 366 دن ہیں۔ یہ اضافی دن فروری میں کیلنڈر میں شامل کیا جاتا ہے۔