[]
مہر خبررساں ایجنسی نے اناتولی کے حوالے سے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی جانب سے فلسطین میں امدادی کاموں کے ادارے نے غزہ پر صہیونی حکومت کے حملوں کے بارے میں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صہیونی حملوں کے نتیجے میں غزہ میں 19 لاکھ شہری بے گھر ہوگئے ہیں۔
ادارے کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 7 اکتوبر سے شروع ہونے والے صہیونی حملوں میں غزہ کے بنیادی انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ مسلسل حملوں کی وجہ سے کئی مقامات پر شہری بار بار اپنا ٹھکانا بدلنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔
اقوام متحدہ کے ادارے کے مطابق غزہ میں اقوام متحدہ کے 155 مراکز ہیں جہاں تقریبا 14 لاکھ فلسطینی بے گھر افراد قیام پذیر ہیں جبکہ مزید 5 لاکھ افراد ان مراکز کے اردگرد رہائش پذیر ہیں۔
ادارے کے مطابق 18 لاکھ شہریوں کو بین الاقوامی اداروں کی طرف سے امداد دی جارہی ہے۔
اقوام متحدہ کے ادارے نے صہیونی حکومت کی بربریت کے بارے میں کہا کہ صہیونی فورسز نے اب تک عالمی ادارے کے 146 کارکنوں کو نشانہ بنایا ہے۔ طوفان الاقصی کے بعد صہیونی فوج نے 220 مرتبہ ادارے کے مراکز پر حملہ کیا ہے جبکہ 63 مرتبہ برا راست ادارے کے دفاتر کو نشانہ بنایا ہے۔
اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے نے مزید کہا ہے کہ ادارے کے 22 مراکز میں سے فقط 5 مراکز اس وقت فعال ہیں۔