[]
حیدرآباد: حالیہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی جانب سے کئے گئے وعدہ کے مطابق6 کے منجملہ5ضمانتوں کے تحت فوائد کے حصول کیلئے حکومت تلنگانہ کو جملہ1.25 کروڑ درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔
ریاست کی نئی حکومت کا پرجاپالانا پروگرام کل6 جنوری کو ختم ہوگیا۔ اس پروگرام کے دوران ریاست بھر سے1.25 کروڑ سے زائد درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔
عہدیداروں کے مطابق تمام مواضعات،ٹاونس اور شہروں سے جملہ ایک کروڑ 25لاکھ84 ہزار383 درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔
ان میں ایک کروڑ5 لاکھ91 ہزار 636 درخواستیں، 5ضمانتوں سے متعلق ہیں جبکہ مابقی 19,92,747 درخواستیں، دیگر ضروریات کے بارے میں ہیں پرجاپالانا پروگرام،28 دسمبر سے 12769گرام پنچایتوں اور 3623 بلدی وارڈ ز میں آغاز ہوا تھا۔
اس پروگرام کے دوران ایک کروڑ11 لاکھ 46 ہزار293 ہاوز ہولڈس (خاندانوں) کا احاطہ کیا گیا۔ اس پروگرام کے دوران جن افراد نے درخواستیں داخل نہیں کی ہیں وہ بعد میں گرام پنچایت اور بلدی حلقوں کے دفاتر میں درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔
مہالکشمی، رعیتو بھروسہ، گروہا جیوتی، اندرما انڈیلو اور چیوتہ ضمانتوں سے متعلق درخواستیں وصول کی گئیں ان 5 ضمانتوں کیلئے ایک درخواست فام رکھا گیا۔
وصول شدہ درخواستوں کی ڈاٹا انٹری عمل کو17 جنوری تک مکمل کرنے کیلئے مناسب انتظامات کئے گئے ہیں۔