[]
کیپ ٹاون: فاسٹ بولرس محمد سراج اور جسپریت بمراہ کی شاندار بولنگ کی مدد سے ہندوستانی ٹیم نے دوسرے اور آخری ٹسٹ میں جنوبی افریقہ کو 7 وکٹ سے شکست دے دی۔
اس طرح سیریز 1-1 سے مساوی ہوگئی۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان نے جنوبی افریقہ کی سرزمین پر تاریخ رقم کی۔ ٹیم انڈیا کیپ ٹاؤن میں ٹسٹ میچ جیتنے والی پہلی ایشیائی ٹیم بن گئی۔ اس کے علاوہ روہت جنوبی افریقہ میں سیریز ڈرا کرنے والے دھونی کے بعد دوسرے ہندوستانی کپتان بن گئے۔
سیریز کا دوسرا اور آخری ٹسٹ میاچ دوسرے دن کے دوسرے سیشن میں ہی ختم ہوگیا۔ ہندوستانی ٹیم کو جیت کیلئے دوسری اننگز میں 79 رنوں کی ضرورت تھی جو اس نے 3 وکٹ کھوکر بنالئے۔ دوسری اننگز میں اوپنر جیسوال نے سب سے زیادہ 28‘ شبھمان گل 10 اور سابق کپتان ویراٹ کوہلی 12 رن بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان روہت شرما 17 اور شریاس ایئر 4 رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
جنوبی افریقہ کیلئے دوسری اننگز میں ربادا‘ برجر اور مارکو جانسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ قبل ازیں جنوبی افریقہ کی ٹیم دوسری اننگز میں سلامی بلے باز مارکرم کی شاندار سنچری کے باوجود 176 رن بناکر آؤٹ ہوگئی۔ مارکرم نے 103 گیندوں میں 17 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 106 رن بنائے۔
ایڈین مارکرم وکٹ کی ایک جانب ڈٹے رہے اور ہندوستانی بولرس کے خلاف تیزی سے رن بناتے رہے لیکن دوسری جانب سے کسی بھی بلے باز نے ان کا مناسب ساتھ نہیں دیا۔ دیگر کھلاڑیوں میں دوسرے اوپنر و کپتان ڈین ایلگر 12‘ بیڈنگھم 11 اور مارکو جانسن 11ہی دوہرے ہندسے کو عبور کرنے میں کامیاب رہے۔
ہندوستان کی جانب سے جسپریت بمراہ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 6 وکٹ حاصل کئے جبکہ مکیش کمار نے 2‘ محمد سراج اور پرسدھ کرشنا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم پہلی اننگ میں محمد سراج کی خطرناک بولنگ کے باعث محض 55 رن پر پویلین لوٹ گئے تھی جس کے جواب میں ٹیم انڈیا نے 153 رن بناتے ہوئے 98 رنوں کی سبقت حاصل کی تھی۔
پہلی اننگز میں 6 وکٹ لینے والے محمد سراج کو میان آف دی میاچ قرار دیاگیا جبکہ جسپریت بمراہ اور ڈین ایلگر کو مشترکہ طورپر میان آف دی سیریز قرار دیاگیا۔
پہلا ٹسٹ جنوبی افریقہ نے جیت کر ایک۔صفر کی سبقت حاصل کی تھی۔ مختصر اسکور۔ جنوبی افریقہ پہلی اننگز 55 آؤٹ۔ ہندوستان پہلی اننگز 153 آل آؤٹ۔ جنوبی افریقہ دوسری اننگز 176 آل آؤٹ۔ ہندوستان دوسری اننگز 80/3۔