[]
لکھنؤ: بی جے پی کا اقلیتی مورچہ اترپردیش کے تمام لوک سبھا حلقوں میں آئندہ ہفتہ سے ”شکریہ مودی بھائی جان“ مہم شروع کرے گا تاکہ 2024 کے عام انتخابات سے قبل مسلم خواتین کو پارٹی کی طرف راغب کیا جاسکے۔ اس مہم کے لئے ایک نعرہ ”نہ دوری ہے، نہ کھائی ہے، مودی ہمارا بھائی ہے“ تیار کیا گیا ہے۔
مہم کا مقصد کم ازکم ایک ہزار مسلم خواتین کو پارٹی کی طرف راغب کرنا ہے۔ اترپردیش بی جے پی مائناریٹی مورچہ کے صدر کنور باسط علی نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ اس مہم کے تحت مسلم خواتین کو یہ بتایا جائے گا کہ نریندرمودی حکومت نے ان کے لئے کیا کیا ہے اور ان کی حوصلہ افزائی کی جائے گی تاکہ وہ بی جے پی کو ووٹ دیں۔
اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کی جائے گی کہ مسلم خواتین کو اجول یوجنا، پردھان منتری آواس یوجنا، آیوشمان بھارت یوجنا اور ایسی دیگر اسکیمات کا فائدہ حاصل ہو۔ کنور باسط علی نے بتایا کہ مہم کا آغاز 2 جنوری سے کیا جائے گا اور یہ 20 جنوری تک جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ حال ہی میں ریاست کے تمام اضلاع کی مسلم خواتین نے ایک یادداشت پیش کی جس میں مودی حکومت کی اسکیمات کے سلسلہ میں تمام ضلع مجسٹریٹس سے اظہار تشکر کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ شکریہ مودی بھائی جان پروگرام (ریاست کے) ہر لوک سبھا حلقہ میں منعقد کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کو ”شکریہ مودی بھائی جان“ کا نام دینے کی وجہ یہ ہے کہ وزیراعظم مودی نے مسلم خواتین کو مختلف اسکیمس میں ترجیح دیتے ہوئے بھائی۔بہن کا رشتہ قائم کیا ہے۔