[]
حیدرآباد: لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں میں مصروف تلنگانہ بی جے پی میں بعض تبدیلیوں کا اشارہ ملا ہے۔ حال ہی میں ہوئے ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں 8نشستیں حاصل کرنے والی زعفرانی جماعت کا نشانہ ریاست کی لوک سبھا کی 17نشستوں میں سے 10نشستوں کا ہے۔
اسی کے حصہ کے طورپرریاست کے 15اضلاع میں بی جے پی کے صدور کی تبدیلی کاامکان ہے،بتایاجاتا ہے کہ اس کیلئے ہائی کمان سے منظوری مل گئی ہے۔
مرکزی وزیرسیاحت و تلنگانہ بی جے پی کے صدرکشن ریڈی نے اس خصوص میں سرگرمیوں میں تیزی پیداکردی ہے۔حال ہی میں مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ نے ریاست کا دورہ کیا تھا۔اس موقع پر انہوں نے پارٹی کے مقامی لیڈروں کے اختلافات کو دور کرتے ہوئے پارلیمانی انتخابات میں مل کر کام کرنے اور پارٹی کے تنظیمی ڈھانچہ کو مستحکم کرنے کی ہدایت دی تھی۔
ریاست میں دس لوک سبھا کی نشستوں پرکامیابی کیلئے امیت شاہ کے دیئے گئے نشانہ کے ساتھ بی جے پی کی نئی ٹیم کے لئے کام شروع کرنے کی اطلاع ملی ہے۔کشن ریڈی نے پارٹی کے جنرل سکریٹریز سے اس خصوص میں تبادلہ خیال بھی کیا ہے۔ساتھ ہی پارٹی میں داخلی اختلافات کودور کرنے پر بھی توجہ دی جارہی ہے۔