[]
جموں: تین شہریوں کی موت کے معاملہ میں فوج نے کورٹ آف انکوائری شروع کردی ہے جبکہ پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔
پونچھ میں حالیہ دہشت گرد حملہ میں 3 فوجیوں کی ہلاکت کے بعد فوج نے 3 شہریوں کو پوچھ تاچھ کے لئے پکڑا تھا۔ سرکاری ذرائع نے پیر کے دن یہ بات بتائی۔
فوج نے بریگیڈیر لیول کے ایک عہدیدار کا تبادلہ کردیا اور 48 راشٹریہ رائفلس کے 3 عہدیداروں کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔ فوج نے واقعہ کا سخت نوٹ لیا ہے۔
21 دسمبر کو پونچھ کے سورن کوٹ علاقہ میں ڈیرہ کی گلی اور بفلیاز کے درمیان دھتیار موڑ پر دہشت گردوں نے فوجی گاڑیوں پر گھات لگاکر حملہ کیا تھا۔ اس حملہ میں 3 فوجی ہلاک ہوئے تھے۔ حملہ کے بعد فوج نے 27 سال تا 42 سال کے 3 شہریوں کو پوچھ تاچھ کے لئے پکڑلیا تھا جو 22 دسمبر کو مردہ پائے گئے۔
سوشل میڈیا پر عام ویڈیو کلپس میں انہیں ٹارچر کرتے ہوئے دکھایا گیا۔ 23 دسمبر کو ایکس پر پوسٹ میں ہندوستانی فوج کے ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پبلک انفارمیشن نے کہا کہ 21 دسمبر کے واقعہ کے بعد علاقہ میں سیکوریٹی فورسس کی تلاشی کارروائیاں جاری ہیں۔
علاقہ سے 3 شہریوں کی موت کی خبر آئی ہے۔ معاملہ کی تحقیقات جاری ہیں۔ ہندوستانی فوج تحقیقات میں بھرپور تعاون کی پابند ہے۔ تحقیقات کو آگے بڑھاتے ہوئے فوج نے مبینہ ٹارچر اور اس کے نتیجہ میں 3 شہریوں کی موت کی کورٹ آف انکوائری شروع کردی ہے۔
بریگیڈیر لیول کے عہدیدار کو جو سورن کوٹ پٹی کا انچارج تھا‘ ہٹادیا گیا۔ یونٹ کے دیگر عہدیداروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔ فوج کا کاؤنٹر انٹلیجنس یونٹ اکتوبر میں بھی بدنام ہوا تھا۔ اُس وقت اس کے ایک میجر رینک کے عہدیدار نے اپنے ساتھیوں پر گولی چلادی تھی اور تھانہ منڈی کے قریب نیلی پوسٹ کیمپ کے اندر گرینیڈ دھماکہ کیا تھا۔ 5 فوجی بشمول 3 عہدیدار زخمی ہوئے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے نامعلوم ملزم فوجیوں کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 302 (قتل) کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔ فوج کے ہاتھوں پکڑے جانے کے بعد مردہ پائے گئے افراد کے نام سفیر احمد‘ محمد شوکت اور شبیر احمد بتائے گئے ہیں۔
ان میں ایک کے رشتہ دار محمد صادق کا کہنا ہے کہ تینوں کو فوجیوں نے جو پولیس ملازمین محمد رفیق‘ محمد شبیر اور مخبروں جگی اور گنیش کے ساتھ آئے تھے‘ سب کے سامنے پکڑلیا تھا۔
اس نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ متعلقہ فوجی میجر‘ پولیس والوں اور فوج کے مخبروں کے نام بھی ایف آئی آر میں درج کئے جائیں۔ راشٹریہ رائفلس کیمپ کو فوری یہاں سے منتقل کردیا جائے۔بے قصور لوگوں کا سفاکانہ قتل ہوا اور ہم انصاف چاہتے ہیں۔