[]
گالے: مڈل آرڈر بلے باز سعود شکیل کی شاندار ڈبل سنچری کی مدد سے پاکستان نے دو ٹسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں ایک۔صفر کی سبقت حاصل کرلی۔
پاکستان کو جیت کیلئے دوسری اننگز میں 131 رنوں کی ضرورت تھی جو اس نے 6 وکٹ گنواکر بنالئے۔ میچ کے چوتھے روز سری لنکا کی ٹیم دوسری اننگز میں 279 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی اور پاکستان کو 131 رنز کا ہدف دیا۔
پاکستان کے سعود شکیل نے پہلی اننگز میں ناقابل شکست ڈبل سنچری اسکور کی۔ انہوں نے دوسری اننگز میں 30 رنز کی شراکت کی۔ انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ پاکستان نے پانچویں دن کا آغاز 48/3 کے اسکور سے کیا۔
پانچویں اور آخری دن پاکستان کو جیت کیلئے 83 رنز درکار تھے اور 7 وکٹیں باقی تھیں۔ پاک ٹیم کو پانچویں دن چوتھا دھکا کپتان بابراعظم کی صورت میں لگا۔ بابر 24 رنز بناکر پربھات جے سوریا کا شکار بنے۔
پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں اوپنر امام الحق نے سب سے زیادہ 50 رن بنائے جس کیلئے انہوں نے 84 گیندوں میں چار چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ سعود شکیل نے 30 اور بابر نے 24 رنز کی اہم اننگز کھیلی جبکہ آغا سلمان 6 رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
سری لنکا کی جانب سے دوسری اننگز میں پربھات جے سوریا نے چار اور رمیش منڈس نے ایک وکٹ حاصل کی جبکہ نائٹ واچ میان نعمام احمد رن آؤٹ ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ سری لنکا نے پہلی اننگز میں دھننجیا ڈی سلوا کے 122 اور میتھیوز کے 64 رنوں کی مدد سے 312 رن بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستان نے پہلی اننگز میں سعود شکیل کی ڈبل سنچری کے علاوہ آغا سلمان کے 83 رنوں کی مدد سے 416 رن بنائے تھے۔
لنکا کی ٹیم دوسری اننگز میں 279 رن ہی بناسکی جس میں ایک مرتبہ پھر دھننجیا ڈی سلوا نے سب سے زیادہ 82 رن بنائے۔ دیگر کھلاڑیوں میں اوپنر مدوشکا 52 اور رمیش منڈس 42 رن بنانے میں کامیاب رہے۔ دوسرا ٹسٹ 24 جولائی کو شروع ہوگا۔