پرینکا گاندھی کو یوپی میں پارٹی انچارج کے عہدہ سے ہٹادیاگیا

[]

نئی دہلی: کانگریس مجلس عاملہ کے اجلاس میں ملک کی صورتحال اور پارٹی امور کا جائزہ لیاگیا اور اب بڑے پیمانہ پر تنظیمی تبدیلیاں عمل میں لائی گئی ہیں۔ لوک سبھا کے 2024ء میں ہونے والے انتخابات کے پیش نظر کانگریس نے اترپردیش میں پرینکاگاندھی وڈرا کو پارٹی انچارج کی حیثیت سے ہٹادیاہے۔

تاہم پرینکاگاندھی پارٹی کی جنرل سکریٹری کی حیثیت سے خدمات انجام دیتی رہیں گی۔ یہ بات کانگریس کے ذرائع نے آج یہاں بتائی۔ کانگریس نے راجستھان کے سابق ڈپٹی چیف منسٹر سچن پائلٹ کو چھتیس گڑھ کانگریس کا انچارج مقررکیا ہے جبکہ پارٹی کے سینئر قائد رمیش چینتی لالہ کو مہاراشٹرا کا انچارج مقررکیا گیا ہے۔

 پرینکاگاندھی نے اس سال کے اوائل میں اترپردیش کانگریس کے انچارج کی حیثیت سے استعفیٰ دے دیاتھا تاہم پارٹی نے اس مسئلہ پر خاموشی اختیارکی تھی۔ پرینکاگاندھی کے بجائے اویناش پانڈے کو اترپردیش میں پارٹی کا انچارج مقررکیاگیا ہے۔

کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس کے بعد پارٹی میں کلیدی تنظیمی تبدیلیوں کا اعلان کیاگیا ہے۔ مجلس عاملہ کا اجلاس جس کی صدارت ملیکارجن کھرگے نے کی تھی اس میں سونیاگاندھی‘ راہول گاندھی کے علاوہ جئے رام رمیش اور کے سی وینوگوپال کے علاوہ دوسرے قائدین نے شرکت کی تھی۔

 مکل واسنک اور رندیپ سنگھ سرجے والا بالترتیب گجرات اورکرناٹک کے مواصلات سے متعلق جنرل سکریٹریز کے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔ جتیندرسنگھ جوکہ آسام کے جنرل سکریٹری کے فرائض انجام دے رہے ہیں انہیں مدھیہ پردیش کی زائد ذمہ داری دی گئی ہے جبکہ دیپک بباریا جوکہ دہلی کی ذمہ داریاں سنبھالے ہوئے ہیں‘ انہیں ہریانہ کی زائد ذمہ داری دی گئی ہے۔

بتایاجاتا ہے کہ پرینکا گاندھی کو وزیراعظم نریندرمودی کے خلاف وارانسی سے پارٹی کا امیدوار مقررکیاجائے گا۔  انڈیا بلاک کے اجلاس میں پارٹی کے بعض قائدین نے وزیراعظم نریندرمودی کے خلاف پرینکاگاندھی کو امیدوار بنانے کی تجویز پیش کی ہے۔

پارٹی نے دیپاداس منشی کو کیرالا کا انچارج مقررکرنے کے علاوہ لکشادیپ اور تلنگانہ کی زائد ذمہ داریاں دی ہیں جبکہ کماری سلیجہ جو کہ چھتیس گڑھ کی انچارج ہیں انہیں اترکھنڈ کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ موہن پرکاش کوبہار کا انچارج بنایاگیا ہے جبکہ مانک راؤ ٹھاکرے جو کہ تلنگانہ کے انچارج ہیں  اب انہیں گوا اور دمن دیو کے علاوہ دادر نگرحویلی کی ذمہ داری دی گئی ہے۔

 پارٹی نے مانکم ٹیگور کو آندھراپردیش اور انڈومان نکوبار جزائر کا انچارج مقررکیا گیا ہے۔ صدرکانگریس نے سید نظیرحسین ایم پی ورکنگ کمیٹی رکن کو کانگریس صدر کے دفتر کے انچارج کی ذمہ داری دی گئی ہے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *