[]
وراٹ کوہلی فی الحال تین روزہ انٹرا اسکواڈ میچ میں حصہ نہیں لے رہے ہیں جو کہ پریٹوریا میں کھیلا جا رہا ہے، اگر وہ سیریز کے لیے واپس نہیں لوٹتے تو ہندوستانی ٹیم کے لیے یہ ایک بڑا جھٹکا ہوگا۔
ہندوستانی کرکٹ ٹیم اس وقت جنوبی افریقہ میں ہے۔ دونوں کے درمیان کھیلی گئی ٹی-20 سیریز برابری پر ختم ہوئی اور وَنڈے سیریز میں ہندوستان نے 2-1 سے تاریخی فتح حاصل کر لی ہے۔ اب باری ٹیسٹ سیریز کی ہے جو کہ 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل ہے۔ لیکن اس سے ٹھیک پہلے ہندوستان کے لیے پریشانیاں بڑھتی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وراٹ کوہلی اچانک جنوبی افریقہ سے وطن واپس لوٹ گئے ہیں اور سلامی بلے باز ریتوراج گائیکواڈ زخمی ہو کر ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔
وراٹ کوہلی کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ وہ تین روزہ انٹرا اسکواڈ میچ میں حصہ نہیں لے رہے ہیں جو کہ پریٹوریا میں کھیلا جا رہا ہے۔ اگر وہ سیریز کے لیے واپس نہیں لوٹتے ہیں تو ہندوستانی ٹیم کے لیے ایک بڑا جھٹکا ہوگا۔ حالانکہ بی سی سی آئی نے اس سلسلے میں فی الحال کوئی آفیشیل جانکاری نہیں دی ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ کوہلی ٹیم مینجمنٹ اور بی سی سی آئی سے اجازت ملنے کے بعد تین دن قبل ہی ممبئی کے لیے روانہ ہوئے تھے اور انھوں نے پریٹوریا میں تین روزہ ٹریننگ میچ میں حصہ نہیں لیا۔ فیملی ایمرجنسی اس کے پیچھے کی وجہ بتائی جا رہی ہے۔ بی سی سی آئی ذرئع کا کہنا ہے کہ وہ 26 دسمبر سے سنچورین میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ کے لیے وقت پر جوہانسبرگ لوٹ جائیں گے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ 22 دسمبر کو ہی جوہانسبرگ لوٹ سکتے ہیں۔
دوسری طرف بی سی سی آئی کے ذرائع نے بتایا ہے کہ نوجوان سلامی بلے باز ریتوراج انگلی کی چوٹ سے صحت یاب نہیں ہو پائے ہیں۔ انھیں جنوبی افریقہ میں ہندوستانی ٹیم مینجمنٹ نے ریلیز کر دیا ہے۔ گائیکواڈ کو 19 دسمبر کو پورٹ ایلزبتھ میں جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے وَنڈے کے دوران انگلی میں چوٹ لگی تھی۔ اس وجہ سے وہ تیسرے وَنڈے میں نہیں کھیل پائے تھے۔ بی سی سی آئی نے اس سلسلے میں جانکاری دی تھی کہ وہ میڈیکل ٹیم کی نگرانی میں ہیں۔ حالانکہ اب غیر مصدقہ خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ وہ دونوں ٹیسٹ میچوں میں نہیں کھیل پائیں گے۔ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ وہ 23 دسمبر تک ہندوستان واپس لوٹ سکتے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
;