[]
حیدرآباد: چیف منسٹر اے ریونت ریڈی (آر آر) نے واضح کردیا کہ حکومت کی جانب سے لیے جانے والے ہر فیصلہ میں شفافیت ہونی چاہئے۔ آج اپنی قیامگاہ پر ریاستی وزراء ٹی ناگیشور راؤ اور این اتم کمار ریڈی کے ساتھ شعبہ آبپاشی کے متعلق منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آبپاشی کے متعلق ہر فیصلہ شفافیت پر مبنی اور احساس جواب دہی کے جذبہ سے لیا جاناچاہئے۔
اجلاس کے دوران چیف منسٹر نے1956 سے2014تک اور2014 سے2023 تک تعمیر کردہ پروجیکٹس، ان کی تعمیر ی لاگت، ان پروجیکٹس کے تحت قابل کاشت بنائی گئی اراضیات و دیگر تفصیلات عہدیداروں کے ذریعہ حاصل کی جانی چاہئے۔
ریونت ریڈی نے کہا کہ ہر، پروجیکٹ کے متعلق رہنمایانہ خطوط کو عوام کے علم میں لایا جانا چاہئے۔ ہر پروجیکٹ کے متعلق تمام تفصیلات تیار رکھنا چاہئے۔ پروجیکٹس کے متعلق تمام تفصیلات کو قطعی طور پر عوام سے پوشیدہ نہیں رکھنا چاہئے اور اگر ایسا کیا جاتا ہے تو سخت کاروائی کی جائے گی۔
حکومت کے ہر اقدام کو عوام کے سامنے رکھنے کیلئے شفافیت اختیار کرنا ضروری ہے۔ اس لئے عہدیداروں کو نقائص سے پاک انداز میں کام کرتے ہوئے عوام کے اعتماد پرکھرے اتر نے کی ضرورت ہے۔