[]
پٹنہ: بہار کے گوپال گنج میں آج پولیس نے ایس آئی ٹی تشکیل دی تاکہ ایک مقامی مندر کے رکھوالے کی موت کی تحقیقات کی جاسکیں جس کی لاش ہفتہ کے روز پائی گئی۔
اس کے خاندان والوں نے پانچ دن پہلے اس کی گمشدگی کی شکایت درج کرائی تھی۔ 32 سالہ منوج کمار شاہ کو مردہ پایا گیا تھا۔ اس کی لاش پر زخموں کے نشانات تھے اور آنکھوں کو شدید نقصان پہنچا تھا۔ مقامی عوام نے احتجاجی مظاہرے منظم کئے تھے جن میں دو پولیس ملازمین زخمی ہوئے تھے۔
احتجاجی مظاہرین نے قومی شاہراہ 27 پر ٹرافک مسدود کردی تھی۔ شاہ، منجاگڑھ پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع داناپور ویلیج ٹمپل کا رکھوالا تھا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں اسے 11 دسمبر کو 12:40 بجے شب مندر میں اپنے کمرے سے نکلتا ہوا دیکھا گیا تھا۔
اس کے بعد اسے نہیں دیکھا گیا۔ بعدازاں اس کے خاندان والوں نے پولیس کو اس کی اطلاع دی تھی۔
گوپال گنج کے انچارج ایس پی ہردے کانت نے بتایا کہ شاہ پجاری نہیں تھا۔ بعض اطلاعات میں کہا گیا کہ 16 دسمبر کو اس کی لاش برآمد ہونے کے بعد سے مقامی عوام نے احتجاجی مظاہرے منظم کئے اور قومی شاہراہ 27 پر ٹرافک کو مسدود کردیا تھا۔ کانت نے بتایا کہ دو پولیس ملازمین احتجاج کے دوران زخمی ہوئے ہیں۔