[]
نظام آباد:16/ ڈسمبر (اردو لیکس)نظام آباد ضلع کے منڈل مستقر ویلپور منڈل میں ویلیج ڈیولپمنٹ کمیٹی کی جانب سے کیا جانے والے سماجی بائیکاٹ صبح 10 بجے سے ختم کردیا گیا ہے اس تعلق سے ویلیج ڈیولپمنٹ کمیٹی ویلپور نے آج منڈل مستقر پرلاوڈ اسپیکر سے اعلان کیا۔
واضح رہے کہ دو روز قبل ویلپور منڈل مستقر پرویلیج ڈیولپمنٹ کمیٹی کی جانب سے مسلمانوں کا سماجی مقاطعہ کا شروع کیا گیا تاکہ مسلمانوں پر دباو ڈال کر قدیم قبرستان کو میدان تبدیل کیا جاسکے۔ لیکن مقامی مسلمانوں نے قبرستان کی زمین کو میدان میں تبدیل کرنے سے انکار کردیا۔ جس پر ویلیج ڈیولپمنٹ کمیٹی نے دو روز قبل احتجاج اور دھرنا منظم کیا اور قبرستان کو گراونڈ میں تبدیل کرنے کی کوشش کی جس کو پولیس نے دفعہ 144 لگا کر ناکام کردیا۔
ویلیج ڈیولپمنٹ کمیٹی نے مسلمانوں کے سماجی مقاطعہ کا اعلان کیا لیکن مقامی مسلمانوں نے حکمت سے کام کیا اور مقام سے لے کر ڈیویژن، ضلع سے لے کر حیدرآباد تک نمائندگی کی۔ دوروز قبل مقامی مسلمانوں نے سماجی مقاطعہ کے خلاف ویلیج ڈیولپمنٹ کمیٹی کے 17 ممبران کے خلاف پولیس میں درخواست دی تھی۔ اس کے علاوہ ایک روز قبل ضلع کلکٹر راجیو گاندھی ہنمنتو سے نمائندگی کی اور تمام تفصیلات سے آگاہ کیا ضلع کلکٹر نے وفد کو تیقن دیا کہ وہ فوری سماجی مقاطعہ کو ختم کروائیں گے اگر سماجی مقاطعہ ختم نہیں کیا جاتا تب وہ ہفتہ کو ویلپور کا دورہ کریں گے۔ آج صبح مسلمانوں کا سماجی مقاطعہ ختم کردیا گیا
۔یہاں اس بات کا ذکر بیجا نہ ہوگا کہ ضلع نظام آباد سے تعلق رکھنے والے مسلم انجمن کمیٹی ویلپور مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین نے ضلع کلکٹر و پولیس کمشنر سے ملاقات کرتے ہوئے اس تنازعہ کے ضمن میں موثر نمائندگی کی تھی جس کے باعث ویلپو ر میں سماجی مقاطعہ کو ختم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔